0
Wednesday 12 Jun 2019 11:04

حکومت امپائر کے اشارے اور سہارے پر چل رہی ہے، اعجاز ہاشمی

حکومت امپائر کے اشارے اور سہارے پر چل رہی ہے، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز ہاشمی نے سابق صدر آصف علی زرداری اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی گرفتاری پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پتہ نہیں بجٹ منظور کروانے کیلئے موجودہ نا اہل حکومت حزب اختلاف کے مزید کتنے لوگوں کو گرفتار کروائے گی۔ کسی حکومتی پارٹی کے مطلوب رہنما کی طرف نیب کی کوئی توجہ ہے اور نہ ہی دلچسپی۔ صرف اپوزیشن رہنماوں کی گرفتاریاں کی جا رہی ہیں اور انہیں جیلوں میں ڈالا جا رہا اور کارکنوں پر تشدد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارشل لا کا سا ماحول بن چکا ہے۔ جس سے سیاسی قیادت کو پارلیمنٹ اور سیاسی عمل سے باہر رکھنے کی سازش کی جا رہی ہے، جس سے واضح ہوگیا ہے کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ حکومتیں اس طرح نہیں چلتیں۔
 
انہوں نے کہا کہ امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کا فرمان ہے کہ حکومت کفر سے قائم رہ سکتی ہے، لیکن ظلم سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امپائر کے سہارے چل رہی ہے۔ امپائر کے اشارے اور سہارے کے بغیر تو نیازی حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی حکومت ایک دن بھی امپائر کے بغیر نہیں گزار سکتی۔ امپائر کے اشارے پر ہی اپوزیشن رہنماوں کو بدنام کیا جا رہا ہے، تاکہ حکومت وقت کی کرپشن کا احساس ہی نہ ہو۔ اعجاز ہاشمی نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کے دورحکومت کے دوران بھی مقدمات بنائے گئے، مگر ان میں سے کچھ نہیں نکلا اور ملزمان کو بری کر دیا گیا۔ اب توعدلیہ کیخلاف بھی مہم شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹیڈ وزیراعظم عمران نیازی کی حالت بہت ہی قابل رحم ہے جو امپائر کی پالیسیوں کیساتھ چل رہے ہیں، ان کی اپنی کوئی سوچ ہے اور نہ ہی عمل وہ امپائر کے اشارے پر ہی ملک چلا رہے ہیں جو کہ جمہوریت اور عوام کی توہین ہے۔ ایسی بے بس حکومت پہلے کبھی نہیں دیکھی جس سے بار بار یوٹرن لینے کے لیے دباو ڈالا جاتا ہے۔ حکومت کی اپنی کوئی سوچ نہیں۔
خبر کا کوڈ : 799091
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے