QR CodeQR Code

کشمیری پنڈت سماج کا ناقابل تنسیخ حصہ ہے، میرواعظ عمر فاروق

12 Jun 2019 22:32

تلہ مولہ میلہ کھیر بھوانی میں شرکت کے لئے آئے پنڈتوں کے ایک وفد جس کی قیادت شری ستیش کمار اور نتھل رازدان کررہے تھے، سے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کے دوران میرواعظ عمر فاروق نے انہیں اور جملہ پنڈت برادری کو میلہ کھیر بھوانی کے موقعہ پر مبارکباد پیش کی۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کشمیری پنڈتوں کو کشمیری سماج کا ایک ناقابل تنسیخ حصہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمارا یہ واضح موقف رہا ہے کہ کشمیری سماج اور تہذیب کا ایک حصہ ہونے کے ناطے ہم ان کی پُرامن گھر واپسی کا ہمیشہ خیرمقدم کریں گے اور اس سلسلے میں ہم نے بارہا پنڈت برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں کو لوٹ آئیں اور ماضی کی طرح کشمیری تہذیب و تمدن کا ایک حصہ بنکر یہاں زندگی گزاریں۔ تلہ مولہ میلہ کھیر بھوانی میں شرکت کے لئے آئے پنڈتوں کے ایک وفد جس کی قیادت شری ستیش کمار اور نتھل رازدان کررہے تھے، سے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کے دوران میرواعظ عمر فاروق نے انہیں اور جملہ پنڈت برادری کو میلہ کھیر بھوانی کے موقعہ پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کی گھر واپسی پر کوئی سیاست کرنے کے بجائے ان کی واپسی کو انسانی نقطہ نظر سے دیکھا جانا چاہیئے اور ہمارا یہ ماننا ہے کہ کشمیری پنڈت اپنے اپنے گھروں میں لوٹ آئیں اور ماضی کی طرح اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ شیر و شکر کی طرح زندگی گزاریں۔

میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ کشمیری پنڈت گزشتہ تین دہائیوں سے اپنے گھروں سے دور ہیں اس کا ہمیں احساس ہے اور ہم ان کی مشکلات سے بھی آگاہ ہیں اور یہ کشمیری پنڈتوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ خودساختہ تنظیموں کے بہکاوے میں آئے بغیر یہاں کے اکثریتی طبقے پر بھروسہ کرکے اپنے گھروں کو لوٹ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی، تہذیب و تمدن، بھائی چارہ کی پوری دنیا میں مثالیں دی جاتی ہیں اور یہی فرقہ وارانہ ہم آہنگی جموں و کشمیر کی شناخت اور ہمارا امتیاز ہے۔

اس موقعہ پر پنڈت برادری کے وفد نے میرواعظ عمر فاروق کو بتایا کہ اُن کی گھر واپسی کا معاملہ دہلی اور سرینگر کے بیچ سیاست کی نذر ہوکر رہ گیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کے لئے الگ کالونیوں کی تعمیر کا شوشہ کھڑا کرنے کے بجائے انہیں مختلف اضلاع اور مقامات میں اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ مل جل کر رہنے کی ماضی کی طرح سہولت فراہم کی جائے۔ وفد نے میرواعظ عمر کے خیالات اور تجاویز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی گھر واپسی کے حوالے سے ان کے نقطہ نظر کی سراہنا کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ کشمیری پنڈت واپس وطن لوٹنے کے بعد اطمینان و سکون کے ساتھ اپنی زندگیاں بسر کرسکیں گے۔


خبر کا کوڈ: 799100

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/799100/کشمیری-پنڈت-سماج-کا-ناقابل-تنسیخ-حصہ-ہے-میرواعظ-عمر-فاروق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org