0
Wednesday 12 Jun 2019 11:40

مروجہ قوانین کے تحت بچوں سے مشقت لینا مجرمانہ فعل ہے، عثمان بزدار

مروجہ قوانین کے تحت بچوں سے مشقت لینا مجرمانہ فعل ہے، عثمان بزدار
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بچوں کو پھولوں سے تشبیہہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے بچوں کو کسی بھی ملک و قوم کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مروجہ قوانین کے تحت بچوں سے مشقت لینا مجرمانہ فعل ہے۔ تفصیلات کے مطابق چائلڈ لیبر کے خاتمے کے اقدامات کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چائلڈ لیبر ایک سماجی و معاشی مسئلہ ہے جس کے پس پردہ کئی عوامل کارفرما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت اور نگہداشت پرتوجہ دینا معاشرے کے ہر فرد کا فرض ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تسلسل کے ساتھ ٹیم ورک کے طور پر کام کرکے ہی چائلڈ لیبر کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ پورے معاشرے کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مؤثر قانون سازی کے ذریعے اس لعنت کو ختم کرنے کے جامع اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے اور مشن کے حصول میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ سردار عثمان بزدار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم کے نونہالوں کو چائلڈ لیبر کی لعنت سے چھٹکارہ دلا کر دم لیں گے۔ انہوں نے عالمی دن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن تقاضہ کرتا ہے کہ چائلڈ لیبر و جبری مشقت سے معاشرے کو پاک کرنے کے لیے تمام طبقات اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ یہ دن منانے کا بنیادی مقصد بچوں کے مستقبل پر چائلڈ لیبر کے اثرات سے عوام کو آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج ہمیں بھی چائلڈ لیبر کے خاتمے کی کوششوں کو مزید تیز کرنے کا عزم کرنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 799107
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب