QR CodeQR Code

سول سپتال کو مثالی ادارہ بنانے کیلئے تمام مالی و انسانی وسائل بروئے کار لائے جائیں، جام کمال خان

12 Jun 2019 12:06

ہسپتال امور کے جائزہ اجلاس کے دوران وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ ایم ایس ڈی کے امور کی صحیح طور پر انجام دہی نہ ہونے کے باعث ہسپتالوں کو ادویات کی بروقت فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے، جنہیں ترجیحی بنیادوں پر ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے بڑے سرکاری ہسپتالوں کو ادویات کی خریداری کا اختیار دینے کی پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سنڈیمن صوبائی ہسپتال (سول ہسپتال کوئٹہ) کی موجودہ صورتحال کو غیر تسلی بخش قراردیتے ہوئے ایک ماہ کے اندر ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولتوں میں اضافے، صفائی کی صورتحال کی بہتری اور نئی تعمیر کی جانے والی او پی ڈی کو فوری طور فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلٰی کا کہنا ہے کہ ایک ہزار بستر پر مشتمل سول ہسپتال کوئٹہ صوبے کا سب سے بڑا ہسپتال ہونے کے باوجود عوام کے معیار پر پورا نہیں اتر رہا اور عوام کو ہسپتال سے شکایات ہیں، جن کا اظہار مختلف فورم کے ذریعہ کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہسپتال کے امور کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا،۔ صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری، سیکرٹری صحت، کمشنر کوئٹہ اور ایم ایس سول ہسپتال بھی اجلاس میں شریک تھے، وزیراعلٰی نے محکمہ صحت اور ہسپتال انتظامیہ کو ہسپتال کو ایک مثالی ادارہ بنانے کے لئے تمام مالی و انسانی وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلٰی نے ہسپتال میں ادویات کی عدم دستیابی کی شکایات کا بھی نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ادویات کے لئے دستیاب خطیر فنڈز کے باوجود ادویات کی عدم فراہمی سنگین مسئلہ ہے جسے ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایس ڈی کے امور کی صحیح طور پر انجام دہی نہ ہونے کے باعث ہسپتالوں کو ادویات کی بروقت فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے، جنہیں ترجیحی بنیادوں پر ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے بڑے سرکاری ہسپتالوں کو ادویات کی خریداری کا اختیار دینے کی پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت کی جا سکتی ہے، ہسپتال کے ملازمین حکومت سے تنخواہ لیتے ہیں فرائض کی ادائیگی کرکے کسی پر احسان نہیں کرتے، وزیراعلٰی نے کہا کہ ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کے لئے جلد کیمرہ سسٹم نصب کئے جائیں گے اور ہسپتالوں کی بہتری کے اقدامات میں کسی قسم کا عذر قبول نہیں کیا جائے گا۔ جام کمال خان نے سول ہسپتال کی تعمیر و مرمت کے لئے فوری طور پر پی سی ون تیار کرنے اور محکمہ خزانہ کو اس مد میں فنڈز کے اجراء کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ دیگر شعبوں کی طرح شعبہ صحت میں بھی ماضی کے غیر سنجیدہ رویوں کے باعث مسائل میں اضافہ ہوا ہے، تاہم جہاں کام کرنے کا ارادہ ہو راستے خود بخود بن جاتے ہیں، صرف ترجیحات کے تعین اور خلوص نیت کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے وزیراعلٰی بلوچستان کی ہدایت پر سول ہسپتال کے امور کا جائزہ لے کر تیار کی جانے والے رپورٹ پیش کی۔
 


خبر کا کوڈ: 799113

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/799113/سول-سپتال-کو-مثالی-ادارہ-بنانے-کیلئے-تمام-مالی-انسانی-وسائل-بروئے-کار-لائے-جائیں-جام-کمال-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org