0
Wednesday 12 Jun 2019 12:33

کوئٹہ میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں، بلوچستان ہائیکورٹ

کوئٹہ میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں، بلوچستان ہائیکورٹ
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس روزی خان بڑیچ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولٹین کارپوریشن کوئٹہ کے حکام کو کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے سریاب روڈ، بلیلی، کچلاک اور عالمو چوک پر تجاوزات ختم کرکے، سڑکوں پر قائم رکاوٹیں ہٹانے، تھڑے گرانے اور فٹ پاتھوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے اس سلسلے میں رپورٹ اگلی سماعت پر عدالت میں جمع کر نے کا حکم دیا ہے۔ منگل کے روز بلوچستان ہائیکورٹ میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں وی آئی پی موومنٹ کے دوران شاہراہوں کی بندش اور تجاوزات کے خاتمے سے متعلق آئینی درخواست کی سماعت کے موقع پر درخواست گزاران کی جانب سے عبدالصادق خلجی ایڈووکیٹ پیش ہوئے، ان کے علاوہ،کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی خان اور ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹرو پولٹین کارپوریشن فاروق لانگو اور اے اے جی میر شہک بلوچ بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزاران کے وکیل عبدالصادق خلجی ایڈووکیٹ نے معزز عدالت کو بتایا کہ کوئٹہ میں فٹ پاتھوں اور تھڑوں پر قبضہ کیا گیا ہے بلکہ کئی سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے انہیں بلاجواز بند کر نے سے شہر میں ٹریفک کے نظام میں خلل پڑ رہا ہے، بلکہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مستقل بنیادوں پر اقدامات نہیں کئے جا سکے ہیں جس کیوجہ سے شہر میں ٹریفک مسائل گھمبیر ہیں اور شہریوں کو گھنٹوں تک ٹریفک جام کے باعث ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔ وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے تاجر برادری سمیت تمام طبقات کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، یہی نہیں کوئٹہ شہر کے مسائل کے حل کیلئے انتظامیہ اور حکومت ایک پیج پر نہیں ہے اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولٹین کارپوریشن کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ مفروضوں پر مبنی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ کے مسائل زیادہ جبکہ انتظامیہ اور حکومت میں رابطوں کا فقدان ہے مستقل بنیادوں پر حکومتی اقدامات نہ کئے جانے کے بعد کوئٹہ شہر میں تیزی سے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ اس لئے معزز عدالت اس سلسلے میں احکامات دیں جس پر ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے ضلعی انتظامیہ اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ 2 ہفتوں میں کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے سریاب روڈ، بلیلی کچلاک اور عالمو چوک پر تجاوزات ختم کرنے، سڑکوں پر قائم رکاوٹیں ہٹانے، تھڑے گرانے اور فٹ پاتھوں پر قبضے کے خلاف کارروائی کر کے اس سے متعلق رپورٹ اگلی سماعت پر عدالت میں پیش کریں۔
 
خبر کا کوڈ : 799115
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش