QR CodeQR Code

الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع میں انتخابات موخر کردیئے

12 Jun 2019 15:10

​​​​​​​کے پی حکومت کی جانب سے بھیجی جانے والی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ اعلان کردہ عام انتخابات کو مؤخر کرانے کی درخواست اس لئے دی گئی ہے کہ امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے اور سرحد پار کی سازشوں کی وجہ سے انتخابی سرگرمیاں متاثر ہوسکتی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے قبائلی اضلاع میں 2 جولائی کو ہونے والے انتخابات 20 جولائی تک موخر کردیئے ہیں۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے قبائلی اضلاع میں انتخابات موخر کرنے کیلئے کی پی حکومت کی درخواست پر فیصلے کیلئے الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی زیر صدارت ہوا۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، سیکرٹری وزارت داخلہ، صوبائی الیکشن کمشنر کے پی کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا۔ اجلاس میں ملٹری آپریشنز اور وزارت دفاع کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ خیبر پختونخوا حکومت نے امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث الیکشن کمیشن کو قبائلی اضلاع میں انتخابات 20 دن تک ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔ ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ انتخابات مؤخر کرنے کی درخواست پر قانونی ماہرین سے رائے لی گئی۔ اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس آئینی اختیار موجود ہے کہ وہ انتخابات کو مؤخر کرسکتا ہے۔

کے پی حکومت کی جانب سے بھیجی جانے والی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ اعلان کردہ عام انتخابات کو مؤخر کرانے کی درخواست اس لئے دی گئی ہے کہ امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے اور سرحد پار کی سازشوں کی وجہ سے انتخابی سرگرمیاں متاثر ہوسکتی ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حکومتی مراسلہ میں استدعا کی گئی ہے کہ 2 جولائی کو منعقد ہونے والے عام انتخابات کو 25 جولائی تک ملتوی کردیا جائے۔ اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ 25 ویں آئینی ترمیم کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان 25 جولائی 2019ء سے قبل انتخابات کرانے کا پابند ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا اور سابقہ قبائلی علاقوں میں گذشتہ دنوں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات نے لوگوں کو تشویش میں ضرور مبتلا کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 799140

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/799140/الیکشن-کمیشن-نے-قبائلی-اضلاع-میں-انتخابات-موخر-کردیئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org