QR CodeQR Code

آصف زرداری کی گرفتاری کیخلاف ملتان میں احتجاجی مظاہرہ، حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی

12 Jun 2019 16:16

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ مرد حُر آصف علی زرداری کی گرفتاری سے سلیکٹڈ وزیراعظم عمران احمد نیازی کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے، آصف زرداری اندر نہیں گئے بلکہ عمران احمد نیازی کے باہر جانے کا بندوبست کیا گیا ہے، اب ایسا دما دم مست قلندر ہوگا کہ وزیراعظم نیازی بھاگے گا اور دنیا دیکھے گی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم لابر، ضلعی صدر میاں کامران عبداللہ مڑل، سٹی جنرل سیکرٹری اے ڈی بلوچ، ضلعی سیکرٹری انفارمیشن چوہدری یاسین، سٹی سیکرٹری انفارمیشن ریاض رضا کی قیادت میں پیپلزپارٹی ملتان سٹی و ضلع کے زیر اہتمام آج چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر یوم سیاہ منایا گیا اور اس سلسلہ میں پیپلزپارٹی کے عہدیداران، کارکنان و سپورٹران نے کچہری چوک پر صدر آصف علی زرداری کی گذشتہ روز ہونے والی والی گرفتاری کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سینیئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، ڈویژنل صدر ملتان خالد حنیف لودھی، ڈویژنل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جاوید صدیقی، صدر ملتان سٹی ملک نسیم لابر، ضلعی صدر میاں کامران عبداللہ مڑل، سٹی جنرل سیکرٹری اے ڈی خان بلوچ، بابو نفیس انصاری، شیخ غیاث الحق ایڈووکیٹ، سید عارف شاہ، عثمان بھٹی، ارشد راں، شاہد رضا صدیقی، سلیم راجہ، حبیب اللہ شاکر، مرزا عزیز اکبر بیگ ایڈووکیٹ، چوہدری یاسین، ریاض رضا، ملک ارشد اقبال بھٹہ، رانا نیک محمد زاہد، راضیہ رفیق، شہناز لودھی نے کہا کہ مرد حُر آصف علی زرداری کی گرفتاری سے سلیکٹڈ وزیراعظم عمران احمد نیازی کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔

رہنمائوں نے کہا ہے کہ آصف زرداری اندر نہیں گئے بلکہ عمران احمد نیازی کے باہر جانے کا بندوبست کیا گیا ہے، اب ایسا دما دم مست قلندر ہوگا کہ وزیراعظم نیازی بھاگے گا اور دنیا دیکھے گی، مینڈیٹ پر شب خون مارنے والا سلیکٹڈ وزیراعظم عمران احمد نیازی بہت جلد قوم کے قدموں میں سٹینڈرڈ کرے گا، آج پیپلزپارٹی کے جیالے یوم سیاہ منا رہے ہیں اور آج کا یہ مظاہرہ چھوٹا سا ٹریلر ہے، لیکن اس چھوٹے سے ٹریلر سے پورے ملک میں حکومتی مشینری حواس باختہ ہوچکی ہے، جیالے اپنی مرکزی قیادت چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اشارے کے منتظر ہیں، جیسے قیادت کا اشارہ آگیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع ہو جائیگا اور سڑکیں کم پر جائیں گی، اُنہوں نے کہا کہ اس لئے بہتر ہے کہ حکومت آصف علی زرداری کو فوری طور پر رہا کرے، نیب گردی کی ذریعے ذاتی انتقام کی روش کو ترک کرے اور ہم آج پیش ہونے والے عوام دشمن بجٹ کو قبول نہیں کرتے، عوام کو بجٹ کے نام پر نیازی سرکار دھوکہ دے رہی ہے۔ اس موقع پر جیالوں نے ٹائر جلا کر کچہری چوک بلاک کر دیا اور حکومت وقت اور نیب گردی کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔


خبر کا کوڈ: 799154

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/799154/آصف-زرداری-کی-گرفتاری-کیخلاف-ملتان-میں-احتجاجی-مظاہرہ-حکومت-شدید-نعرے-بازی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org