اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے الطاف حسین کی گرفتاری پر کہا ہے کہ الطاف حسین کی پرتشدد اور ریاست مخالف تقاریر پر ہی ان سے لاتعلقی کا فیصلہ کیا تھا۔ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں ترجمان نے الطاف حسین کی لندن میں گرفتاری پر کہا ہے کہ الطاف حسین کے خلاف تحقیقات کافی عرصے سے جاری تھیں اور ان کی 2016ء میں کی گئی پرتشدد اور ریاست مخالف تقاریر پر ہی ایم کیو ایم پاکستان نے واضح پالیسی اپناتے ہوئے ان سے لاتعلقی کا فیصلہ کیا تھا۔
ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان عدم تصادم اور عدم تشدد پر مبنی سیاست کی داعی ہے، ہم نے روز اول سے مہاجر قاتل اور مہاجر مقتول کے سفاک اور مذموم عمل کی مذمت و حوصلہ شکنی کی ہے۔ اعلامیے میں ایم کیو ایم ترجمان نے مزید کہا ہے کہ انتخابات میں شرم ناک شکست سے دوچار ہونے والے مصطفیٰ کمال بتائیں کہ ان کی نام نہاد جماعت کے کتنے رہنماء پرتشدد مقدمات میں آج بھی مطلوب ہیں؟ ایم کیو ایم آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور چاہے وہ فرد واحد ہو یا گروہ کسی کو قانون سے ماورا نہیں سمجھتی۔