0
Wednesday 12 Jun 2019 19:58

این آر او دینے کی بات کرنے والوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے، مریم نواز

این آر او دینے کی بات کرنے والوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے، مریم نواز
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حیثیت نہیں کہ وہ کسی کو این آر او دیں، وہ کچھ دن بعد خود این آر او مانگتے پھریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے دعوٰی کیا کہ ان کے دور حکومت میں دنیا میں پاکستان کی عزت بحال ہو رہی تھی لیکن الیکشن کے بعد اچانک تیزی سے ترقی کرتا ملک تنزلی کی طرف آ گیا۔ ظفر وال میں جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر الیکشن چوری کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کے جاتے ہی ملک تباہی کا شکار ہو گیا، اب بجٹ میں عوام پر قیامت ڈھا دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں سڑکوں کے جال بچھ رہے تھے، دہشتگردی ختم ہو رہی تھی اور ملک اوپر جا رہا تھا لیکن جس دن انہیں ہٹھایا گیا پاکستان کی تباہی شروع ہو گئی۔ سابق وزیراعظم کو اقامہ جیسے مذاق پر کرسی سے ہٹایا گیا۔

مریم نواز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ رات کو بارہ بجے پتا نہیں کس ضرورت کے تحت خطاب کیا؟ نیا پاکستان بننے ہی والا تھا کہ پیچھے سے اچانک سے آواز بند کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں عوام پر قیامت ٹوٹی، ملک میں ریڑھی والے سمیت کوئی بھی خوش نہیں ہے۔ بجٹ کے بعد ہر چیز مہنگی ہو چکی ہے۔ "نالائق اعظم" سے جب آلو پیاز مہنگا ہونے کا پوچھا جائے گا تو کہیں گے کہ نواز شریف کو گرفتار کر لیا، جب فاقوں کا پوچھو گے تو جواب دیں گے کہ حمزہ شہباز کو گرفتار کر لیا۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ خان صاحب، جب لوگ پوچھیں کہ پٹرول کیوں مہنگا ہوا تو کہنا آصف زرداری کو گرفتار کیا ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ گرفتاریاں عمران خان کے خوف کی عکاس ہیں۔

مریم نواز نے ظفر وال میں تھیلسمیا میں مبتلا نون لیگی کارکن ذکی الرحمٰن کے گھر جاکر عیادت کی اور ان سے نواز شریف اور حمزہ شہباز کے لئے خصوصی دعا کرنے کا کہا۔ بعدازیں میڈیا سے گفتگو میں نون لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ عمران خان کو پتا نہیں کل کس بات کا غصہ تھا، اب یہ ڈرامے نہیں چلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی زبان اور سوچ اپنی نہیں لوگ ڈرتے ہیں وہ اچانک کیا بول دیں۔ مریم نواز نے کہا کہ این آر او دینے کی بات کرنے والوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ چند دنوں بعد یہ خود این آر او مانگتے پھریں گے۔ جو ہر بات پر کسی کا محتاج ہو، اس کے منہ سے این آر او کی بات اچھی نہیں لگتی۔ نواز شریف کو این آر او کی ضرورت ہوتی تو سو این آر او ان کی جھولی میں پھینک دیئے جاتے۔


 
خبر کا کوڈ : 799192
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش