0
Wednesday 12 Jun 2019 21:36

پاراچنار، یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر مذہبی تنظیموں کیجانب سے احتجاجی مظاہرہ

پاراچنار، یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر مذہبی تنظیموں کیجانب سے احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ ملک کے دیگر حصوں کی طرح پاراچنار میں بھی یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح پاراچنار میں بھی مذہبی تنظیموں کیجانب سے یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر پریس کلب پاراچنار کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیاگیا۔ جس کا انتظام ایم ڈبلیو ایم پاراچنار، تحریک حسینی، آئی ایس او، ٹی ایف جے سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کے قائدین نے کیا تھا۔ اس موقع پر ضلع کرم پاراچنار کے ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ مزمل حسین  نے احتجاجی مظاہر ے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کا متفقہ مطالبہ ہے کہ سعودی حکومت مقامات مقدسہ خصوصا جنت البقیع کو دوبارہ تعمیر کرے اور آئے روز آثار انیباء کو مٹانے کا ظالمانہ سلسلہ بند کرے، آل سعود کی انتہا پسندانہ سوچ نے عالم اسلام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور آج اسی سوچ کیخلاف عالم اسلام اسلامی تشخص بچانے کے لئے برسر پیکار ہے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر حیدری اور علامہ تجمل حسین کا کہنا تھا کہ ہم ان احتجاجی مظاہروں سے دنیا کو یوم انہدام جنت البقیع کے المناک واقعے کی یاد دلانے کے ساتھ اس بات پر توجہ دلا رہے ہیں کہ جنت البقیع حرم نبوی (ص) کے بعد مدینہ کا اہم ترین اور افضل ترین مقام ہے۔ جنت البقیع اہلیبیت رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور ان کے اصحاب کا مدفن ہے، تخریب جنت البقیع کرکے سنگین ترین جرم کیا گیا ہے۔ اس عظیم ظلم پر عالم اسلام سوگوار اور سراپا احتجاج ہے۔ دیگر قائدین نے کہا کہ 8 شوال اسلامی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، آج کے دن مزارات اہلیبیت علیھم السلام اور انبیائے کرام علیھم السلام و صحابہ رضی اللہ تعالٰی عنہم کے مزارات کو منہدم کرکے عالم اسلام اور قلب رسول اللہؐ کو سوگوار کیا گیا، انہوں نے مزید کہاکہ جنت البقیع کو دوبارہ تعمیر کیا جائے، انبیائے کرام، اہلیبیت اطہار علیھم السلام ازدواج مطہرات اور صحابہ کرام رضی اللہ تعالٰی عنہم کے مزارات کے تقدس کو بحال کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 799195
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب