0
Wednesday 12 Jun 2019 20:55

سندھ کے مہاجر آصف زرداری کی گرفتاری پر خوش ہیں، سلیم حیدر

سندھ کے مہاجر آصف زرداری کی گرفتاری پر خوش ہیں، سلیم حیدر
اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی گرفتاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری کی گرفتاری سے پورے ملک کے عوام خوش ہوئے ہیں۔اپنے ایک بیان میں سلیم حیدر نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کرپشن، حق تلفی اور ظلم و ناانصافی کی شناخت رکھتی ہے، طاقت اور سیاسی بدمعاشی کی بنیاد پر سندھ کے وسائل کو لوٹا گیا، سندھ کے شہری علاقوں کا بجٹ بھی پیپلز پارٹی کی قیادت کی کرپشن کی نذر ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے مہاجر پیپلز پارٹی کو ہمیشہ سے ہی مہاجر دشمن جماعت کی حیثیت سے جانتے ہیں، ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر بلاول بھٹو تک سندھ کے مہاجروں کو جتنا نقصان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہوا، اس کی تلافی ناممکن ہے۔

سلیم حیدر نے کہا کہ آج بھی سندھ کے شہری علاقوں سے 90فیصد ٹیکس وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ملتا ہے، اس کے برعکس دیہی علاقوں سے جہاں پیپلز پارٹی کے وڈیرے آباد ہیں، 10 فیصد ٹیکس بھی حکومت کو نہیں ملتا،لیکن پیپلزپارٹی اور اس کی بدعنوان قیادت سندھ کے شہری علاقوں کا 80 فیصد بجٹ بھی اپنی بدعنوانی، عیاشیوں کی نذر کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے مہاجر نیب اور حکومت کے اس اقدام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی صرف اپنی بدعنوان قیادت کو بچانے کیلئے جمہوریت اور سندھ کارڈ استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب ایک کارپوریٹ انڈسٹری بن چکی ہے، جس کے نام پر سارے بدعنوان اور جرائم پیشہ افراد مال کمانے میں مصروف ہیں۔
خبر کا کوڈ : 799201
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش