0
Thursday 13 Jun 2019 00:15

یوم انہدام جنت البقیع، آئی ایس او طالبات کے تحت کراچی میں احتجاجی مظاہرہ

یوم انہدام جنت البقیع، آئی ایس او طالبات کے تحت کراچی میں احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ مہذب اقوام اپنے آثار اور تاریخ کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ بناتی ہیں، جنت البقیع کا احترام صدیوں سے مسلمانوں کے درمیان رائج رہا ہے، مسلمانوں کے درمیان مُسلّم عقیدہ مہدویت کے خلاف بیان نے آل سعود کی حقیقت خود ان کی زبان سے آشکار کردی ہے، جنت البقیع میں مدفون ملت اسلامیہ کے تمام مکاتب کی محترم اور مقدس شخصیات کی قبور کی تعمیر نو اور اس عظیم سرمایہ کی حفاظت کے لئے ایک بین الاقوامی تحریک کا آغاز کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار شازیہ امام نے یوم انہدام جنت البقیع کے خلاف کراچی پریس کلب کے سامنے آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن شعبہ طالبات کی جانب سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، احتجاجی مظاہرے میں خواتین سمیت بچیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ مردہ باد، اسرائیل نا منظور، آل سعود کی دہشت گردی مردہ باد سمیت جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں موجود اہل بیت رسول ﷺ اور صحابہ کرام کے مزارات مقدسہ کی از سر نو تعمیر کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما قاضی نورانی احمد کا کہنا تھا کہ آٹھ شوال 1344 ہجری کا دن تاریخ اسلام کا وہ سیاہ ترین دن ہے کہ جب جنت البقیع کے مزارات مقدسہ کو منہدم و مسمار کیا گیا، امت مسلمہ کی خاموشی نے آج دشمنان اسلام کو اتنی جرات اور ہمت بخشی کے نوبت کربلا ، بغداد، مکہ اور شام کے مقدس مقامات سے لیکر اب فلسطینی مسلمانوں پر مظالم تک آن پہنچی ہے، مسلم حکمرانوں کی بے حسی اور امریکی و اسرائیلی غلامی کی بدولت آج مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔



مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے خطاب میں کہا کہ جنت البقیع اور اس میں مدفون ہستیاں تا قیامت آنے والے انسانوں کو ظالموں اور جابر کے خلاف عَلم بغاوت بلند کرتے ہوئے مظلوم کا ساتھ دینے کا درس دیتی آئی ہیں، 8 شوال تاریخِ انسانیت کا سیاہ ترین باب ہے کہ جب انسانیت کی خیر خواہ ہستیوں کی قبور کو درد ناک انداز میں مسمار کرکے اس پر بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان بیدار ہیں اور آل سعود کو دوبارہ تاریخ نہیں دہرانے دیں گے، کعبۃ اللہ، روضہ رسول (ص) اور مزارات اہل بیت (ع) کی حفاظت کے لئے بچہ بچہ اپنی جانوں کا نذرانہ دینے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں ازواج رسول اکرم (رض) اور اہل بیت رسول (ع) سمیت صحابہ کرام (رض) کے مزارات مقدسہ کی از سر نو تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ اس موقع پر مظاہرین نے مردہ باد امریکہ اور اسرائیل نامنظور سمیت آل سعود کی دہشت گردی کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے۔
خبر کا کوڈ : 799222
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش