0
Thursday 13 Jun 2019 09:59

نیلم جہلم پراجیکٹ ، واٹر کمیشن کی رپورٹ کی توثیق کر دی، راجہ فاروق

نیلم جہلم پراجیکٹ ، واٹر کمیشن کی رپورٹ کی توثیق کر دی، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان کی زیرصدارت نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تحت مکمل کیے جانے والے، جاریہ اور مجوزہ ذیلی منصوبہ جات، واٹر کمیشن کی رپورٹ، آئندہ کے لائحہ عمل اور آزادکشمیر میں وفاقی حکومت کے تعاون سے چلنے والے منصوبہ جات کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری واٹر ریسوریسز چوہدری محمد اشرف نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی حکومت نیلم جہلم پراجیکٹ کے حوالہ سے بنائے گے واٹر کمیشن کی رپورٹ کی توثیق کر دی گئی۔ اجلاس میں وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی، چیف سیکرٹری آزادکشمیر مطہر نیاز رانا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر، سیکرٹری مالیات محمد فرید تارڑ، سیکرٹری سروسز چوہدری لیاقت حسین اور سیکرٹری قانون ارشاد احمد قریشی نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی حکومت کے تعاون سے آزادکشمیر کے اندر چلنے والے منصوبہ جات کے جملہ معاملات بھی زیر غور لائے گئے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی، ای فلو میں اضافے اور جھیلوں کی تعمیر سے بڑی حد تک ماحولیاتی مسائل کا تدارک ہو گا۔ محکمہ آبی وسائل کی جانب سے آزادکشمیر کے مسائل کو سمجھنا اور ان کے حق میں سفارشات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ آبی معاملات کا حل قومی مفاد میں ہے کوئی ایسا تاثر نہیں دینا چاہتے جس سے ملکی مفاد متاثر ہو۔ پاکستان کا مفاد مقدم ہے۔ واپڈا کی جانب سے جن منصوبہ جات کے لیے فنڈز ریلیز کیے گئے ہیں محکمہ جات کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ جلد از جلد مکمل کریں۔

سیکرٹری واٹر ریسورسز نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ آزادکشمیر حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے آبی وسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور آبی معاملات پر آزادکشمیر حکومت سے مشاورت یقینی بنائی جائے۔ میگاپراجیکٹس کی تعمیر سے آزادکشمیر کی معاشی ترقی کی رفتار تیز تر ہو گی۔ سی پیک میں آزادکشمیر کی شمولیت سے آزادکشمیر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا۔ واٹر ویوز چارجز سے آزادکشمیر مالی طور پر مستحکم ہو گا۔ حکومت پاکستان اور پاکستان کی عوام ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے آزادکشمیر کے لوگوں کی قربانیاں اور پاکستان کے ساتھ محبت پر ان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت اور عوام میگاپراجیکٹس کے مخالف نہیں ہیں، سی پیک کا آزادکشمیر میں آنا یہاں ترقی اور روزگار کا باعث بنے گا۔ کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے معاہدہ میں حکومت پاکستان کو بطور گارنٹر شامل کریں گے۔ ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے حکومت پاکستان اور آزادکشمیر ملکر کام کر رہے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا نیلم جہلم پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد مختلف مقامات پر خالی ہونے والی عمارات حکومت آزادکشمیر کی تحویل میں دی جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 799231
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب