QR CodeQR Code

کشمیری تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے، مسعود خان

13 Jun 2019 10:43

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے لیے دنیا بھر میں جاری منتشر کوششوں کو یکجا کر کے اُنہیں ایک سمت دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ یورپ اور امریکہ میں آباد کشمیریوں کی نئی نسل خاص طور پر پڑھے لکھے نوجوانوں کو تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ جوڑنے اور اُن کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے پوری تندہی سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے لیے دنیا بھر میں جاری منتشر کوششوں کو یکجا کر کے اُنہیں ایک سمت دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور اس سلسلے میں مثبت کوششیں جاری ہیں۔ جموں و کشمیر کے عوام تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اپنے موقف پر چٹان کی طرح جمے ہوئے ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادکشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشاق منہاس کی قیادت میں حلقہ وسطی باغ کے ایک عوامی وفد سے ایوان صدر مظفرآباد میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد جس میں سردار عثمان، سردار عاشق، راجہ خورشید عالم، پروفیسر عتیق الرحمان، پروفیسر آفتاب، سردار فرحان اعظم اور ڈاکٹر سلیم منہاس شامل تھے۔ وفد نے صدر آزادکشمیر کو وسطی باغ میں جاری تعمیر و ترقی کے اہم منصوبہ جات میں پیش رفت سے آگاہ کیا اور صدر سردار مسعود خان کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اس کے درست اور حقیقی تناظر میں اُجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ مشتاق منہاس جیسے متحرک سیاسی رہنما آزادکشمیر کا اثاثہ ہیں جو ریاست کی تعمیر و ترقی اور اسے خودکفالت کی راہ پر ڈالنے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام بالعموم اور حلقہ وسطی باغ کے لوگ بالخصوص خوش قسمت ہیں کہ انہیں مشتاق منہاس جیسے پڑھے لکھے اور متحرک رہنما کی قیادت میسر ہے جو علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ سیاست میں آنے سے پہلے مشتاق منہاس ذرائع ابلاغ کے محاذ پر بھی قومی جذبے سے سرگرم رہے ہیں اور اہم قومی مسائل کو میڈیا کے ذریعے مشنری جذبے سے اُجاگر کرتے رہے۔ وفد کے ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے مزید کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے مکہ سربراہی کانفرنس میں آزادکشمیر کے صدر کو دوسرے سربراہان مملکت کے ساتھ مدعو کر کے تنازعہ کشمیر کے حوالے سے کشمیریوں کا موقف براہ راست پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ایک اہم پیش رفت ہے جس کے مستقبل میں دور رس مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور کشمیری عوام کو بین الاقوامی سطح پر اپنا مقدمہ خود پیش کرنے کے لیے ایک اہم فورم میسر آئے گا۔

سردار مسعود نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس اور اُس سے قبل تنظیم کے کشمیر رابطہ گروپ اور وزرائے خارجہ کونسل کے باضابطہ اجلاس اور غیر رسمی ملاقاتوں کے دوران مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں زیر بحث لایا گیا اور ہم نے جموں و کشمیر کے عوام کا موقف اسلامی دنیا کے قائدین کے سامنے موثر انداز میں پیش کر کے اُن کی حمایت حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ اب بھارت کے سوا تمام دنیا کشمیر کے متنازعہ خطہ سمجھتی ہے اور دنیا میں اس تنازعہ کو حل کرنے کا احساس پہلے سے کئی زیادہ پایا جاتا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفد کے ارکان راجہ خورشید عالم، پروفیسر آفتاب، پروفیسر عتیق الرحمان، اور سردار عاشق نے صدر سردار مسعود خان کی مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی تحریک کو دنیا بھر میں موثر انداز میں اُجاگر کرنے کی انتھک کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ آزادکشمیر کے عوام کی خوش بختی ہے کہ اُنہیں تحریک آزادی کشمیر کے اس نازک موڑ میں صدر سردار مسعود خان جیسی باصلاحیت شخصیت کی قیادت میسر ہے۔ اُنہوں نے صدر سردار مسعود خان کو خطہ آزادکشمیر کا مان، فخر اور پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد مسلسل دنیا کے مختلف ایوانوں، حکومتی اداروں اور میڈیا میں تنازعہ کشمیر اور اس کے خطے میں منفی اثرات پر اظہار خیال کر کے دنیا کو باور کرایا کہ اس تنازعہ کو کشمیری عوام کی مرضی اور منشا کے مطابق حل کئے بغیر علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔ وفد کے ارکان نے مزید کہا کہ صدر سردار مسعود خان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے علاقہ، برادری اور سیاست سے بالا تر ہو کر آزادکشمیر کے ہر خطے اور برادری کے لوگوں کے لیے ایوان صدر کے دروازے کھلے رکھے اور آزادکشمیر کے کالجوں اور جامعات کے طلبہ و طالبات کو کشمیر کی تحریک آزادی سے جوڑنے اور اُنہیں جدید دنیا کی علمی ضروریات سے متعارف کرانے کے لیے ایک نیا ویژن اور لائحہ عمل دیا۔


خبر کا کوڈ: 799236

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/799236/کشمیری-تحریک-آزادی-کو-اس-کے-منطقی-انجام-تک-پہنچا-کر-دم-لیں-گے-مسعود-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org