QR CodeQR Code

جنت البقیع، مھد الاولیاء اور روضۃ الصالحین ہے، اشرف جلالی

ایران اور سعودیہ امریکی مداخلت کے بغیر اپنے معاملات مذاکرات سے حل کریں

13 Jun 2019 19:20

تحریک صراط مستقیم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جنت البقیع منبع برکات اور مرکز انوار و تجلیات ہے۔ مزارات صحابہ و اہلبیت کے مسئلے کو ”کفر اسلام“ کا مسئلہ بنا دینا مگر قطعی محرّمات و ممنوعات کے رواج پر نرم گوشہ اختیار کرنا سمجھ سے بالا تر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام یوم جنت البقیع کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کا کہنا تھا کہ جنت البقیع، مھد الاولیاء اور روضۃ الصالحین ہے، صالحین کے مراقد کی زیارت اور حصول برکت پر چودہ صدیوں میں امت کا اجماع رہا، مشاہیرِ اسلام کے مزارات پر عقیدت مندوں کے ہجوم سے اسلام دشمن  قوتوں کے حوصلے پست ہوتے ہیں۔ سرور کائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صاحبزادی، پھوپھیوں، آل رسول اور اصحاب رسول کی عظیم شخصیات کا مدفن ہونے کے لحاظ سے جنت البقیع منبع برکات اور مرکز انوار و تجلیات ہے۔ مزارات صحابہ و اہلبیت کے مسئلے کو ”کفر اسلام“ کا مسئلہ بنا دینا مگر قطعی محرّمات و ممنوعات کے رواج پر نرم گوشہ اختیار کرنا سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ قبورِ صالحین کا طواف ناجائز، ان کو سجدہ تعظیمی حرام اور سجدہ عبادت کفر ہے مگر اس کی آڑ میں صالحین کی قبور کے پاس بیٹھنے، قرآن مجید کی تلاوت کرنے اور ان سے فیضیاب ہونے پر بھی پابندی لگا دینا ہرگز  روا نہیں۔ قبور صالحین سے توسل اور دعاؤں کی قبولیت کیلئے وہاں حاضری ہر صدی کے آئمہ دین سے ثابت ہے۔

انہوں نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تو مشرکین کی قبریں گرا دینے کا حکم دیا تھا مسلمانوں کی قبروں پر تو کہنی رکھنے سے بھی منع کیا تھا۔ اگر قبور مسلمین کے زندہ مسلمانوں کیلئے  وہ مہلک خطرات ہوتے جو ایک مخصوص فرقے کا قبور کے لحاظ سے موقف ہے تو پھر اسلام میں یہ حکم ہوتا کسی نامعلوم مقام پر رات کے اندھیرے میں فوت شدگان کو یوں دفن کیا جائے کہ کسی کو خبر نہ ہو یا پھر شریعت میں نماز جنازہ سے زیادہ اہم حکم تدفین کے بعد قبر کے ارد گرد اونچی دیوار بنانے کا ہوتا جبکہ ایسا کوئی حکم نہیں ہے۔ قبرستانوں اور قبروں کے گرد فصیلیں کھڑی کرنے کی قرون اولی میں کوئی مثال نہیں۔ یہ بدعت بعد میں شروع کی گئی۔ دریں اثناء ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے سعودی ایئرپورٹ پر حوثیوں کی جانب سے میزائل حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سرزمین حرمین شریفین امت مسلمہ کیلئے جان و دل کی حیثیت رکھتی ہے، ایک گھناؤنی سازش کے تحت سرزمین حرمین شریفین میں بیرونی جنگ کو کھینچ کر داخل کیا جا رہا ہے۔ سعودی عرب اور ایران امریکہ کی سازش کو سمجھیں اور اپنے معاملات کو مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر خود حل کر لیں اور ہرگز امریکہ کو گھسنے کا موقع نہ دیں۔


خبر کا کوڈ: 799247

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/799247/جنت-البقیع-مھد-الاولیاء-اور-روضۃ-الصالحین-ہے-اشرف-جلالی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org