0
Thursday 13 Jun 2019 11:28

گلگت بلتستان میں طوفانی بارشیں اور سیلاب، 2 افراد جاں بحق، درجنوں مکانات تباہ

گلگت بلتستان میں طوفانی بارشیں اور سیلاب، 2 افراد جاں بحق، درجنوں مکانات تباہ
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی، دو افراد جاں بحق، درجنوں مکانات کو شدید نقصان پہنچا، کھڑی فصلیں تباہ اور مال مویشی ہلاک ہو گئے۔ لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں جگہ جگہ سے بلاک ہو گئیں۔ بجلی اور کمیونیکیشن کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے، سینکڑوں سیاح پھنس گئے۔ طوفانی بارشوں نے بلتستان میں تباہی مچا دی۔ لینڈ سلائیڈنگ سے کئی سڑکیں تباہ ہو گئیں، کئی بجلی گھروں اور واٹر چینلز کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جس سے پورا سکردو اندھیرے میں ڈوب گیا۔ شگر میں سیلاب کی زد میں آکر دو درجن سے زائد گھر تباہ ہو گئے، دس مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ شگر لمسہ (گیانپی) میں سیلابی ریلا کھڑی فصلوں اور ہزاروں درختوں کو بھی بہا لے گیا۔ سیلاب کی زد میں آکر ایک مسجد شہید ہو گئی، کئی گاڑیاں بھی سیلاب میں دھنس گئیں، برگے نالہ میں بھی لوگوں نے رات جاگ کر گزاری۔

بارش کا پانی داخل ہونے کی وجہ سے سکردو اور مضافات میں درجنوں مویشی خانے تباہ اور درجن بھر مویشی ہلاک ہو گئے۔ بلتستان میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور متعلقہ اداروں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ادھر امدادی ٹیم نے بڑی کوششوں کے بعد شگر میں سیلاب کے ملبے تلے دبے جاں بحق ہونے والے باب بیٹے کی لاش نکال لی ہے۔ جاں بحق افراد کی شناخت علی حسین ولد علی محمد اور حسن ولد علی حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ ادھر گلگت شہر میں ہونے والی بارشوں سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ سڑکوں کے اطراف میں بنی نکاسی کی نالیوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی سڑکوں پر آ گیا۔ شاہراہ قائد اعظم، ریور ویو روڈ، خزانہ روڈ، پونیال روڈ سمیت شہر کی دیگر اہم شاہراہوں پر پانی کھڑا ہو گیا۔ سڑکوں پر بارش کے پانی کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا اور شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

استور ویلی روڈ 10 چھوٹے بڑے مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہو چکا ہے، استور میں گزشتہ 36 گھنٹوں سے بجلی غائب ہے، ٹیلی مواصلاتی نظام مکمل بند ہو چکا ہے، علاقہ مکمل اندھرے میں ڈوب چکا ہے۔ استور کے بالائی علاقوں میں دو سے تین فٹ تک برف پڑ چکی ہے، جبکہ بالائی علاقوں کی تمام رابطہ سڑکیں مکمل بند ہیں۔ استور کے ضلعی ہیڈکوارٹر عیدگاہ اور گوریکوٹ سے متصل گاؤں احمد آباد، ہیلبیچ، فینہ، دنل، سمیت درجنوں گاوں کی تمام رابطہ سڑکیں بھی مکمل تباہ ہو چکی ہیں۔ بارشوں اور برف بھاری نے لوگوں کے مکانات اور فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ادھر دیامر میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے شاہراہ قراقرم کئی جگہوں پر بلاک ہو چکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 799250
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش