0
Thursday 13 Jun 2019 13:27

پی ایس ڈی پی میں تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، جام کمال

پی ایس ڈی پی میں تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، جام کمال
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آئندہ مالی سال کے مجوزہ پی ایس ڈی پی میں تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، حکومت اس بات کا بخوبی ادراک رکھتی ہے کہ یہ دونوں شعبے اہمیت کے حامل ہیں، عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے تعلیم و صحت کے شعبوں میں بہتری لانے کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئندہ مالی سال کی ترقیاتی پروگرام کے لئے تعلیم اور صحت کے شعبوں کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا، اجلاس میں وزیر صحت نصیب اللہ مری، وزیرتعلیم محمد خان لہڑی، سیکرٹری صحت حافظ عبدالماجد، سیکرٹری تعلیم طیب لہڑی ودیگر شریک تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی امور کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکمے باقاعدہ ایک منظم پالیسی کے ساتھ آگے آئیں تاکہ تعلیم کو دورجدید کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقی کی منزل کی جانب گامزن کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسکولوں کے نصاب میں نئے مضامین شامل کئے جائیں جن سے ماحولیات، صحت اور پانی جیسے اہم امور سے متعلق طلباء کو آگاہی ملے جبکہ امتحانی طریقہ کار کو بہتر بناکر نقل کے رحجان کے خاتمے کے لئے بھی سفارشات تیار کی جائیں اور پی پی پی موڈ پر نجی شعبہ کے ساتھ تعلیمی ترقی کے عمل میں شراکت داری کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اچھی صحت کی بنیادی سہولتیں انسانی ضرورت ہیں حکومت ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی میں سنجیدہ ہے، اس شعبے میں حکومت نرسنگ اسکولز اور کالجز کو صوبے بھر تک وسیع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے/

  جام کمال نے کہا کہ محکمہ صحت ہسپتالوں کو فعال بنانے کے منصوبوں کو ترجیح دے تاکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولتیں مل سکیں۔ دریں اثناء وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں مخلوط صوبائی حکومت میں شامل تمام سیاسی جماعتیں آئندہ مالی سال کے لئے ایک متوازن، قابل عمل اور عوام دوست بجٹ کی تیاری کے لئے نہ صرف پرعزم ہیں بلکہ مکمل اتفاق رائے بھی رکھتی ہیں، بجٹ تجاویز کے جائزہ اور مشاورت کے لئے قائدایوان وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت صوبائی حکومت میں شامل جماعتوں کے مشترکہ پارلیمانی گروپ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین کی جانب سے بجٹ کی تیاری کے مراحل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ موجودہ حکومت کا پہلا بجٹ ماضی سے مختلف اور صوبے اور عوام کے بہترین اور وسیع تر مفاد کا آئینہ دار ہوگا۔ شرکاء نے اپنے اپنے حلقوں کے علاوہ صوبے کی مجموعی ترقی اور عوامی مفاد کے منصوبوں کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔

اجلاس میں شرکاء کی جانب سے وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے منصوبوں کی شمولیت اور بلوچستان کو وفاقی پی ایس ڈی پی میں بیس فیصد حصہ دینے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور اس حوالے سے وزیراعلٰی بلوچستان کی خصوصی کاوشوں کو سراہا گیا۔ اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے وزیراعلٰی نے کہاکہ پارلیمانی ساتھیوں کی مشاورت اور تجاویز کے ساتھ ایسا بجٹ پیش کیا جائے گا جو بلوچستان کی ترقی کی بنیاد بنے گا، ہم نے صوبے کی ترقی کی سمت کا تعین کیا ہے اور آنے والا بجٹ ترقی کے سفر کا آغاز ثابت ہوگا۔ وزیراعلی نے کہا کہ دستیاب وسائل کے مطابق ترقیاتی پروگرام میں ایسے منصوبے شامل کئے جائیں گے جو آئندہ دو سے تین سال میں مکمل ہو سکیں، اور عوام ان سے فائدہ اٹھا سکیں جبکہ غیر ترقیاتی بجٹ کو کم سے کم سطح پر رکھتے ہوئے ترقیاتی مد میں زیادہ گنجائش پیدا کی جائے گی۔ اجلاس میں توقع ظاہر کی گئی کہ بلوچستان کے وسیع تر مفاد میں اپوزیشن جماعتیں بھی ترقی کے عمل کا حصہ بنتے ہوئے سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر بجٹ تجاویز کی حمایت کریں گی۔

 
خبر کا کوڈ : 799275
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش