0
Thursday 13 Jun 2019 19:07

یہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کا سال ہے، طاہر اشرفی

یہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کا سال ہے، طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان علماء کونسل نے وفاق المساجد و المدارس پاکستان کیساتھ الحاق کیلئے درخواستیں طلب کر لیں۔ پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے بعد میڈیا سےگفتگو میں حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ مساجد و مدارس کا ہر سطح پر تحفظ کیا جائے گا، دفاعی بجٹ میں کمی قبول نہیں کی جائے گی، غیر جانبدارانہ احتساب کی مکمل تائید و حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست کیلئے حکومت کو ہر سطح پر تعاون فراہم کریں گے، مذہبی معاملات میں وزراء بیان بازی میں احتیاط کریں، پاکستان علماء کونسل عوامی سطح پر بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمہ کیلئے مہم چلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کا وزارت تعلیم کیساتھ الحاق درست سمت قدم ہے، یکم جولائی سے ملک بھر میں عوامی سطح پر استحکام پاکستان کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا، 14 اگست یوم آزادی تجدید عزم کیساتھ منایا جائے گا، ملک بھر کے تمام مدارس و مساجد میں تقریبات ہوں گی اور قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ جدوجہد کر رہے ہیں، 2019ء انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کا سال ہے، پاک فوج کے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں کرنیوالوں کا محاسبہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے وفاق المساجد و المدارس پاکستان سے الحاق کیلئے درخواستیں طلب کر لی ہیں، حکومت کی طرف سے مدارس کی رجسٹریشن وزارت تعلیم کے ساتھ منسلک کرنا درست سمت قدم ہے، حکومت کے اچھے کاموں کی تائید کرتے ہیں اور غیر شرعی امور میں محاسب کا کردار ادا کریں گے، پاکستان علماء کونسل کی الیکشن کمیشن میں معطل رجسٹریشن کو بحال کروایا جائے گا، یکم جولائی سے ملک بھر میں عوامی سطح پر استحکام پاکستان کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی، 14 اگست کو ملک بھر کے مدارس و مساجد یوم آزادی تجدید عزم کے طور پر منائیں گے، تمام مدارس و مساجد میں پاکستان کے پرچم لہرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ نے حکومتی ذمہ داران کی طرف سے مذہبی معاملات پر غیر ذمہ دارانہ بیانات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مذہبی معاملات پر بغیر تحقیق کسی قسم کا بیان نہ دیا جائے، مذہبی حوالوں کو بیان کرنے سے قبل تحقیق ضرور کی جائے، اصحاب رسول و اہل بیت امت کے سر کے تاج ہیں، اصحاب اُحد و بدر اللہ کے محبوب اور رسول اکرم ؐ کے محفوظ عن الخطاء صحابہ ہیں، وزیر اعظم عمران خان کو اپنے بیان پر وضاحت کرنی چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 799338
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش