0
Thursday 13 Jun 2019 19:26
امریکہ کیساتھ مذاکرات کے بغیر اور پابندیوں کے باوجود بھی ترقی کرینگے

میں ذاتی طور پر ٹرمپ کو پیغامات کے تبادلے کے لائق ہی نہیں سمجھتا، آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای

میں ذاتی طور پر ٹرمپ کو پیغامات کے تبادلے کے لائق ہی نہیں سمجھتا، آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای
اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے جاپانی وزیراعظم اور ان کے ہمراہ وفد کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ ایران کو امریکہ پر ذرہ برابر اعتماد نہیں اور کوئی بھی خود مختار اور عاقل قوم دباؤ کے تحت ہرگز مذاکرات نہیں کرسکتی۔ ملاقات کے آغاز میں جاپان کے وزیراعظم آبے شنزو نے رہبر انقلاب اسلامی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی خدمت میں امریکی صدر کا پیغام پہنچانا چاہتا ہوں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے جاپانی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ کی نیک نیتی اور سنجیدگی میں ذرہ برابر شک نہیں، لیکن جو کچھ آپ نے امریکی صدر کے حوالے سے نقل کیا ہے، میں ذاتی طور پر ٹرمپ کو پیغامات کے تبادلے کے لائق ہی نہیں سمجھتا، میں انہیں کوئی جواب نہیں دینا چاہتا اور نہ ہی آئندہ دوں گا۔ جاپانی وزیراعظم کی اس بات پر کہ ٹرمپ نے ان سے کہا ہے کہ امریکہ ایران میں حکومت کی تبدیلی نہیں چاہتا، آیت اللہ خامنہ ای نے صراحت کے ساتھ کہا کہ امریکہ کے ساتھ ہمارا مسئلہ حکومت کی تبدیلی کا نہیں ہے، کیونکہ اگر وہ ایسا کرنے کا ارادہ بھی رکھتے ہوں تو ایسا کرنا ان کے بس میں بھی نہیں، بالکل اسی طرح جیسے سابق امریکی صدور بھی پچھلے چالیس سال کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کی نابودی کی کوشش کرتے رہے، لیکن نہیں کرسکے۔

جاپانی وزیراعظم کی اس بات پر کہ امریکہ ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکنے کا ارادہ رکھتا ہے، رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ ہم ایٹمی ہتھیاروں کے مخالف ہیں اور ایٹمی ہتھیاروں کے حرام ہونے کے بارے میں میرا شرعی فتویٰ بھی موجود ہے، لیکن آپ یہ بات جان لیں کہ اگر ہم ایٹمی ہتھیار بنانا چاہتے تو امریکہ ہمیں نہیں روک سکتا تھا، امریکہ کا اجازت نہ دینا بھی رکاوٹ نہیں بن سکتا تھا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ایٹمی معاہدے کے حوالے سے امریکہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے فوراً بعد جس نے سب سے پہلے معاہدے کی خلاف ورزی کی، وہ خود اوباما تھے، وہی شخص جس نے ایران کے ساتھ مذاکرات کی درخواست کی تھی اور کچھ کو وساطت کے لئے بھی بھیجا تھا۔ آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے جاپانی وزیراعظم کی اس بات پر کہ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات ایران کی ترقی کا باعث بنیں گے، کہا کہ ہم خدا کے فضل سے، امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے بغیر اور پابندیوں کے باوجود بھی ترقی کریں گے۔

رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو امریکہ پر ذرہ برابر اعتماد نہیں، ایٹمی معاہدے کے حوالے سے امریکہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کا تجربہ ہرگز دوہرایا نہیں جائے گا، کیونکہ کوئی بھی خود مختار اور عاقل قوم دباؤ کے تحت ہرگز مذاکرات نہیں کرسکتی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ سے متعلق جاپانی وزیراعظم کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جاپان، ایشیاء کا اہم ملک ہے اور اگر وہ ایران کے ساتھ تعلقات کا فروغ چاہتا ہے تو پھر ٹھوس عزم کا اظہار کرے، جیسا کہ بعض دوسرے اہم ممالک اپنا عزم ظاہر کرچکے ہیں۔ جاپان کے وزیراعظم آبے شنزو نے اس ملاقات میں تہران میں ہونے والے مذاکرات کا ذکر کیا اور امید ظاہر کی ان ملاقاتوں کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کا راستہ ہموار ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 799344
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب