0
Thursday 13 Jun 2019 22:32

وفاقی بجٹ عوام کا خون نچوڑنے کے منصوبے کی پہلی قسط ہے، وقار مہدی

وفاقی بجٹ عوام کا خون نچوڑنے کے منصوبے کی پہلی قسط ہے، وقار مہدی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری و وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے انویسٹیگیشن ٹیم وقار مہدی نے وفاقی بجٹ کو نئے مالی سال کے دوران غریب عوام کا خون نچوڑنے کے منصوبے کی پہلی قسط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واضح نظر آ رہا ہے کہ رواں مالی سال کی طرح آگے بھی ہر تین ماہ کے بعد ایک منی بجٹ پیش کیا جائیگا۔ اپنے ایک بیان میں وقار مہدی نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے پیش کیئے گئے بجٹ نے کسی بدترین آمر کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسا بجٹ جس میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، بلکہ یہ عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھین لینے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے روزمرہِ استعمال کی اشیاء مہنگی کر دی گئیں ہیں، جبکہ اپنی اے ٹی ایم مشینوں پر مراعات اور فوائد کی بارش برسائی گئی۔

وقار مہدی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے وفاقی بجٹ میں جو اشارے دیئے ہیں، اس کے نتیجے میں مزید منی بجٹ لائے جائیں گے، جس کے بعد ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری کا اصل مقصد عوام دشمن بجٹ سے توجہ ہٹانے کی مذموم ایجنڈا تھا، جو کہ عوام کو آشکار ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی الیکشن مہم کے دوران عوام کو جو سبز باغ دکھائے تھے، اب خود ان سبز باغوں سے مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ عوام کو آگ کی دلدل میں دھکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام دشمن بجٹ کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتی رہے گی اور پی ٹی آئی حکومت کے عوام دشمن اقدامات اور ایجنڈے کو بے نقاب کرتی رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 799365
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش