QR CodeQR Code

کشمیر کے وسیع تر مفاد کیلئے سب متحد ہوجائیں، فاروق عبداللہ

14 Jun 2019 18:25

صوبہ کشمیر کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری ریاست کے سامنے مشکل حالات ہیں، ہمارے دشمن ریاست کے مفادات کو سلب کرنے کی تاک میں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیر کو اس وقت زبردست مشکلات اور چیلنجوں کا سامنا ہے اور موجودہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ ہم اپنے ذاتی مفادات اور دلچسپیاں بالائے طاق رکھ کر ریاست کے وسیع تر مفاد کیلئے متحدہ ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ اپنے کشمیر کو دشمنوں سے بچائیں۔ صوبہ کشمیر کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری ریاست کے سامنے مشکل حالات ہیں، ہمارے دشمن ریاست کے مفادات کو سلب کرنے کی تاک میں ہیں اور یہ لوگ اپنے مقاصد کے حصول کیلئے آنے والے انتخابات میں اثر و رسوخ کا استعمال کرنے کے علاوہ ہمیں علاقائی، لسانی اور مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے دشمنوں کا ایجنڈا کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، یہ لوگ جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کے ساتھ ساتھ ریاست کی علاقائی سالمیت ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم اپنی صفوں کو مضبوط کریں اور ریاست کے وسیع تر مفاد کیلئے متحدہ ہوجائیں اور چیلنجوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ ہمارا مشن عیاں ہے، ریاست کی خصوصی پوزیشن کا تحفظ کرنے کے ساتھ ساتھ ریاست کی ترقی، ریاستی عوام کی خوشحالی اور فارغ البالی ہماری اولین ترجیح ہے۔


خبر کا کوڈ: 799390

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/799390/کشمیر-کے-وسیع-تر-مفاد-کیلئے-سب-متحد-ہوجائیں-فاروق-عبداللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org