نیب راولپنڈی ٹیم نے فریال تالپور کو گرفتار کرلیا
14 Jun 2019 18:11
گرفتاری کے بعد مشیر اطلاعات سندھ مرتضٰی وہاب نے اپنے ردعمل میں کہا کہ فریال تالپور، آصف زرداری کی بہن ہیں اور وہ بھی بہادری کے ساتھ صورت حال کا سامنا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت قانونی تقاضوں کو پورا کرتی رہی ہے اور آصف زرداری اور فریال تالپور عدالتوں میں پیش ہوتے رہے۔
اسلام ٹائمز۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو گرفتار کر لیا ہے۔ نیب نے فریال تالپور کے طبی معائنہ کیلئے ڈاکٹرز کی ٹیم کو طلب کر لیا ہے، انہیں کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ نیب راولپنڈی کی درخواست پر چیئرمین نیب نے فریال تالپور کے وارنٹ گرفتاری کی منظوری دی تھی۔ ذرائع کے مطابق فریال تالپور کی رہائشگاہ کو سب جیل قرار دیکر انہیں ہاؤس اریسٹ رکھا گیا ہے۔ واضح رہے فریال تالپور اور ان کے بھائی آصف زرداری کی جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں ضمانت عدالت نے منسوخ کر دی تھی، جس کے فوری بعد نیب حکام نے زرداری کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا تھا جبکہ فریال تالپور کے حوالے سے خاتون ہونے کی نسبت سے نیب نے اپنی پالیسی میں تھوڑی نرمی کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری 10 جون کو عمل میں لائی گئی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کی درخواست مسترد کئے جانے کے بعد نیب نے انہنں گرفتار کیا تھا۔
نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فریال تالپور کی عزت نفس کا پہلے بھی احترام کیا گیا، آئندہ بھی ان کے احترام کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فریال تالپور تاحکم ثانی اپنے گھر میں مقید رہیں گی۔ ان کی رہائشگاہ پر نیب کی خواتین افسران اور لیڈیز پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ نیب نے فریال تالپور کی گرفتاری کے حوالے سے سپیکر سندھ اسمبلی کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا ہے۔ نیب کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ فریال تالپور کو میگا منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا گیا۔ نیب کی جانب سے لکھا گیا ہے کہ فریال تالپور کی ضمانت اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسترد کی، جبکہ چیئرمین نیب نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے، وہ مقدمے میں مطلوب تھیں، اس لئے ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے بے نامی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو گرفتار کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فریال تالپور کو نیب راولپنڈی کی ٹیم نے حراست میں لیا اور انہیں کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ گذشتہ روز فریال تالپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے۔ ان کی رہاشگاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا۔ ذرائع نے خبر دی تھی کہ نیب نے فریال تالپور کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 799470