QR CodeQR Code

مسلمان کسی بھی حال میں ظالم اور دہشتگرد نہیں ہوسکتا ہے، سید علی گیلانی

15 Jun 2019 19:13

حریت کانفرنس (گ) کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے چیئرمین سید علی گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی موجودہ بدترین سیاسی صورتحال کیلئے حکومت کی سخت گیر پالیسی کو ذمہ دار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے نوجوان نسل کو جدید سائنسی علوم حاصل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تنازعہ کے تینوں فریق بھارت، پاکستان اور کشمیری عوام کسی صورت میں اس کو صرف نظر کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوسکتے۔ حریت کانفرنس (گ) کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے چیئرمین سید علی گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی موجودہ بدترین سیاسی صورتحال کیلئے حکومت کی سخت گیر پالیسی کو ذمہ دار ہے۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے لوگوں کو فوجی طاقت سے مرعوب کرائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام نے پچھلے 71 برسوں سے چھ لاکھ سے زائد انسانی جانوں کی شہادتیں پیش کرنے کے علاوہ عزت و ناموس اور کھربوں روپیے مالیت کی جائیداد کی قربانیاں اپنی مقدس تحریک کے لئے دی ہیں، جس کی مثال تاریخ انسانی میں ملنی محال ہے۔

حریت رہنما سید علی گیلانی نے قرآن اور سنت کی روشنی میں اپنے کردار کو استوار کرنے اور اپنی پوری زندگی کو نور اسلام سے منور کئے جانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان کسی بھی حال میں ظالم اور دہشتگرد نہیں ہوسکتا ہے۔ سید علی گیلانی نے خاص کر مسلم نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات کے ساتھ ساتھ جدید ترین سائنسی علوم حاصل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عالمی سطح پر دین اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کے زہریلے اثرات کا توڑ کرنے بیداری کی مہم اُجاگر کرنی چاہیئے، تاکہ لوگ اپنے جملہ حقوق انسانی کا مطالبہ کرنے میں پس و پیش یا دھونس دباؤ کو قبول کرنے سے اجتناب کرسکیں۔


خبر کا کوڈ: 799551

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/799551/مسلمان-کسی-بھی-حال-میں-ظالم-اور-دہشتگرد-نہیں-ہوسکتا-ہے-سید-علی-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org