0
Saturday 15 Jun 2019 12:23
اٹاری ریلوے اسٹیشن پر سکھ یاتریوں کا حکومت کیخلاف احتجاج

مودی سرکار کی پاکستانی دشمنی، سکھ یاتریوں کو لاہور آنے سے روک دیا

مودی سرکار کی پاکستانی دشمنی، سکھ یاتریوں کو لاہور آنے سے روک دیا
اسلام ٹائمز۔ بھارتی حکومت نے پاکستان میں جوڑ میلا میں شرکت کے لئے سکھ یاتریوں کو لینے کے لئے لاہور سے آنے والی ٹرین کو مسافروں کو لے جانے کی اجازت نہیں دی، جس کے خلاف بڑی تعداد میں سکھ برادری نے اٹاری ریلوے اسٹیشن پر اپنی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ ذرائع کے مطابق سکھوں کے مذہبی پیشوا گرو ارجن دیو کی برسی کے موقع پر ہر سال پاکستان میں جوڑ میلا منعقد کیا جاتا ہے، جس میں شرکت کے خواہشمند سکھ یاتری ویزا اور سفری دستاویزات کے ساتھ اٹاری ریلوے اسٹیشن پر پھنسے رہے، جہاں انہیں خصوصی ٹرین نے لینے کے لئے آنا تھا۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے متروکہ وقف املاک بورڈ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ یہ بڑی مایوس کن بات ہے کہ بھارت نے ایک مرتبہ پھر وہی رویہ اپنایا جیسا اس نے 2017ء میں اپنایا تھا۔

حکام کے مطابق جمعے کے روز خصوصی ٹرین صبح 9 بجے واہگہ ریلوے اسٹیشن پر 146 سکھ یاتریوں کو لینے پہنچی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری انتظامیہ نے بھارتی ہم منصب سے بارہا بات چیت کی تاکہ ٹرین کو ان کی ریاستی حدود میں داخل ہو کر یاتریوں کو لاہور لانے کی اجازت مل سکے، جہاں سے وہ 10 روزہ جوڑ میلے میں شرکت کے لئے جاسکیں گے، تاہم افسوس کی بات یہ ہے کہ تقریباً 12 بج کر 40 منٹ پر بھارتی حکام نے بالآخر یاتریوں کو لینے کے لئے جانے والی ٹرین کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے سینئر عہدیداران، سکھ تنظیم پاکستان گردوارا پربھانک کمیٹی کے عہدیداران اور مقامی انتطامیہ واہگہ بارڈر پر یاتریوں کے خیر مقدم کے لئے موجود تھے لیکن بھارت نے یاتریوں کو زبردستی اٹاری ریلوے اسٹیشن پر روک دیا۔

اس ضمن میں نام نہ ظاہر کرنے کی درخواست پر ایک عہدیدار نے بتایا کہ تقریباً 8 یاتری اٹاری سے پیدل چل کو پاکستان پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ خیال رہے کہ نئی دہلی میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن نے 200 بھارتی سکھ یاتریوں کے لئے ویزا جاری کئے تھے۔ دونوں ممالک کے مابین ہوئے دو طرفہ سمجھوتے کے تحت پاکستان اس تقریب میں شرکت کے لیے 500 یاتریوں کو ویزے جاری کرسکتا ہے گذشتہ برس تقریباً 50 افراد اس میلے میں شرکت کے لئے پاکستان آئے تھے۔ 2017ء میں بھی بھارت نے پاکستان کی جانب سے 80 یاتریوں کو لینے کے لئے جانے والی خصوصی ٹرین کو اجازت دینے سے انکار کیا تھا لیکن اس کے باوجود 14 یاتری جن کے پاس پاکستانی ویزا تھا پیدل چل کر اٹاری سے واہگہ پہنچے تھے۔ اسی طرح بھارتی حکومت نے 2017ء میں ہی تقریباً 300 سکھ شہریوں کو مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان جانے سے روک دیا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 799611
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش