QR CodeQR Code

کہا جاتا ہے امریکہ آپ کو پسند نہیں کرتا، ہمیں امریکہ کی نہیں اللہ کی خوشنودی عزیز ہے، سراج الحق

15 Jun 2019 13:30

امیر جماعت اسلامی نے گجرات میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں زمانہ طالب علمی سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی حکومتیں دیکھ رہا ہوں، حکمرانوں کے تو اندرون و بیرون ملک عالی شان محل بن گئے ہیں مگر عوام کی حالت نہیں بدلی۔


اسلام ٹائمز۔ گجرات میں جے آئی یوتھ شمالی پنجاب کے زیر اہتمام عید ملن اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آئی ایم ایف کی خواہش پر منتخب وزیر خزانہ کو ہٹا کر آئی ایم ایف کے نمائندے کو مسلط کردیا گیا ہے، حکومت نے اپنے پہلے سال میں ہی سابقہ حکومتوں سے زیادہ قرض لیکر ایک ریکارڈ قائم کیا ہے اور موجودہ اور آنے والی نسلوں کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دیدیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے بھی ویسا ہی بجٹ بنایا ہے جو سابقہ حکومتیں بناتی تھیں، کیونکہ بجٹ بنانے والے سابقہ حکومتوں کے ہی لوگ ہیں، عوام نے تبدیلی کا جو خواب دیکھا تھا وہ چکنا چور ہوچکا ہے، مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں زمانہ طالب علمی سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی حکومتیں دیکھ رہا ہوں، حکمرانوں کے تو اندرون و بیرون ملک عالی شان محل بن گئے ہیں مگر عوام کی حالت نہیں بدلی، عوام آج بھی تعلیم، صحت اور روزگار جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام اس وقت شدید آزمائش اور مصیبت کا شکار ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے عوام اسلام پسند ہیں اور ملک میں قرآن و سنت کا نظام چاہتے ہیں، مگر عالمی طاغوتی قوتوں کے خوف سے حکمران ملک کے آئین کی اسلامی دفعات پر عمل نہیں کررہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے، عالمی استعمار پاکستان میں غلبہ دین کی جدوجہد کو ناکام بنانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے بیت اللہ میں اعتکاف کے دوران اپنے اللہ اور پاکستان کے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ زندگی کے آخری سانس تک ملک میں غلبہ دین کی جدوجہد کو جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے سابقہ اور موجودہ حکومتوں کو دیکھ لیا ان میں سے کوئی بھی عوام کے مسائل کا حل نہیں کرسکا، اب قوم کو متحد ہوکر ملک میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دینا چاہئے۔ سینیٹر سراج الحق نے خطاب میں کہا کہ 22 کروڑ عوام اس وقت شدید آزمائش اور مصیبت کا شکار ہیں، بجٹ پاس ہونے سے قبل ہی مہنگائی کے سونامی نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں، غریب پریشان ہیں، جبکہ چندہ دے کر حکومت بنانے والے شوگرمافیا کے وارے نیارے ہو گئے ہیں، عمران خان کو لانے والے آج قوم کو جواب دیں کہ انھوں نے ملک کے ساتھ یہ کیا کیا ہے؟ ہمیں کہا جاتا ہے کہ امریکہ آپ کو پسند نہیں کرتا، ہمیں امریکہ کی نہیں اللہ کی خوشنودی عزیز ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 799631

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/799631/کہا-جاتا-ہے-امریکہ-آپ-کو-پسند-نہیں-کرتا-ہمیں-کی-اللہ-خوشنودی-عزیز-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org