0
Saturday 15 Jun 2019 16:45

پشاور، ریپڈ بس منصوبہ میں تبدیلوں کا سفر بدستور جاری

پشاور، ریپڈ بس منصوبہ میں تبدیلوں کا سفر بدستور جاری
اسلام ٹائمز۔ پشاور کے ریپڈ بس منصوبہ میں تبدیلیوں کا سفر بدستور جاری ہے، گلبہار کے علاقے سے گزرنے والی سڑک بس کیلئے تنگ پڑ گئی جس کو کشادہ کرنے کیلئے ایک بار پھر توڑ پھوڑ کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ تبدیلی سرکار کی طرف سے پشاور ریپڈ بس منصوبہ شروع ہوئے ڈیڑھ سال گزر گیا لیکن تعمیر شدہ روٹ اور اسٹیشنز میں ڈیزائن کی تبدیلیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ناقص منصوبہ بندی کے باعث گلبہار کے علاقے سے گزرنے والی سڑک جو 18 میٹر بس کیلئے اب تنگ پڑ گئی ہے کو کشادہ کرنے کیلئے اب سڑک کو دوبارہ تعمیر کیا جارہا ہے، ٹریک کو دو سے ڈیڑھ فٹ تک دوبارہ کشادہ کیا جارہا ہے۔ منصوبہ مکمل ہونے کے انتظار میں شہری بار بار تبدیلیوں سے تنگ آگئے ہیں، کہتے ہیں منصوبہ ان کیلئے اب عذاب بن گیا ہے۔ اس سے قبل تین تعمیر شدہ اسٹیشن اور صدر بازار کے پل میں بھی ردوبدل کیلئے توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔ پشاور ریپڈ بس منصوبے کی ساخت میں آئے روز تبدیلی سے منصوبہ کی لاگت بڑھتی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں پشاور ریپیڈ بس منصوبے کے ماسٹر پلان میں نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

نکاسی آب ادارے نے پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو سال کے دوران 6 مرتبہ نشاندہی کی۔ مراسلے کے مطابق ریپیڈ بس منصوبے میں جی ٹی روڈ کے بیشتر مین ہولز بند کر دیئے گئے ہیں جس کے باعث بارش کے پانی کے نکاس میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ مراسلے میں بتایا گیا کہ بی آر ٹی منصوبے سے ملحقہ آبادی کا نکاسی نظام بھی متصل نہیں کیا گیا، 5 بار نشاندہی کے باوجود مسئلے کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ خیبر پختونخوا حکومت نے اکتوبر 2017ء میں 57 ارب کی لاگت سے 26 کلو میٹر طویل پشاور میٹرو بس یا ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبے کا افتتاح کیا تھا جس کی لاگت اب ایک کھرب روپے سے بڑھ چکی ہے۔ ابتدائی طور پر اس منصوبے کو ایک سال میں مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی تاہم وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کی ہدایت پر اسے 6 ماہ میں مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا۔ ایشیئن ڈویلپمینٹ بینک کے تعاون سے تین حصوں میں تعمیر کئے جانے والے اس پراجیکٹ کے تحت پشاور کے نواحی علاقے چمکنی سے لے کرحیات آباد تک انڈر پاسز اور فلائی اوورز بنائے جانے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 799659
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش