QR CodeQR Code

ایران عراق کی زیارتیں کرکے واپس آنیوالے سانگھڑ کے رہائشی کو کراچی ایئرپورٹ سے اغوا کر لیا گیا

16 Jun 2019 03:37

قافلے میں شریک افراد کے مطابق اللہ ڈنو راجڑ جمعرات کے دن قطر ایئرلائن سے کراچی ایئرپورٹ پر اترا اور اترنے کے بعد کار پارکنگ میں اپنا سامان ایک گاڑی میں رکھ رہا تھا کہ 6 نامعلوم افراد جو سول ڈریس میں تھے، انہوں نے پہلے اپنے ساتھ موبائل سے فوٹو کھینچا اور بعد میں زبردستی کرولا کار میں بٹھا کر لے گئے۔


اسلام ٹائمز۔ ایران اور عراق کی زیارتیں کرکے واپس آنے والے سانگھڑ کے رہائشی کو کراچی ایئرپورٹ کے باہر سے اغوا کر لیا گیا، کراچی ایئرپورٹ پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایران اور عراق سے 20 دن کی زیارتیں کرکے واپس آنے والے سانگھڑ میونسپل کمیٹی کے ریٹائرڈ ملازم اللہ ڈنو راجڑ کو کراچی ایئرپورٹ کے باہر سے نامعلوم 6 افراد جو کہ سول ڈریس میں تھے اور سفید رنگ کی BKD240 نمبر پلیٹ والی کرولا کار میں بٹھا کر اغواء کرکے لے گئے۔

64 سالہ بزرگ اللہ ڈنو راجڑ 20 روز قبل زیارتی قافلہ میں اپنی فیملی کے ساتھ ایران اور عراق میں کربلا معلیٰ اور دوسرے مقدس مقامات کی زیارت کے لئے گیا تھا۔ قافلے میں شریک افراد کے مطابق اللہ ڈنو راجڑ جمعرات کے دن قطر ایئرلائن سے کراچی ایئرپورٹ پر اترا اور اترنے کے بعد کار پارکنگ میں اپنا سامان ایک گاڑی میں رکھ رہا تھا کہ 6 نامعلوم افراد جو سول ڈریس میں تھے، انہوں نے پہلے اپنے ساتھ موبائل سے فوٹو کھینچا اور بعد میں زبردستی کرولا کار میں بٹھا کر لے گئے۔

ادھر اغواء ہونے والے اللہ ڈنو راجڑ کے چھوٹے بھائی لال بخش راجڑ نے پریس کلب سانگھڑ میں میڈیا کو بتایا کہ ایئرپورٹ کے تھانے میں نامعلوم اغوا کاروں کے خلاف ایف آئی آر داخل کرانے پہنچا تو تھانے پر ڈیوٹی پر موجود عملہ نے ایف آئی آر داخل کرنے سے انکار کر دیا۔ لال بخش راجڑ نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ میرے بھائی کو جلد سے جلد اغوا کاروں سے بازیاب کرایا جائے اور ہماری بے چینی کو ختم کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 799725

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/799725/ایران-عراق-کی-زیارتیں-کرکے-واپس-آنیوالے-سانگھڑ-کے-رہائشی-کو-کراچی-ایئرپورٹ-سے-اغوا-کر-لیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org