QR CodeQR Code

مفاد پرستوں کے منصوبے ناکام بنانے کیلئے متحدہ محاذ کی ضرورت ہے، خالدہ شاہ

16 Jun 2019 09:02

عوامی نیشنل کانفرنس کی صدر کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہمیں رائے دہندگان کو استحصال اور ظلم و جبر سے نجات دلانے کی دعوت دیتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر عوامی نیشنل کانفرنس کی صدر بیگم خالدہ شاہ نے کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے نام ایک مکتوب میں زور دیا ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لے کر ریاست کے مستقبل پر غور کریں۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا کہ ریاست کی موجودہ صورتحال میں تمام سیاسی جماعتوں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ سر جوڑ کر بیٹھنے کی کوشش کرکے درپیش مصائب و صبر آزما حالات پر قابو پانے کیلئے ایک متحدہ محاذ کا قیام عمل میں لائیں کیونکہ یہ وقت ہمیں رائے دہندگان کو استحصال اور ظلم و جبر سے نجات دلانے کی دعوت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی بصیرت کے امتحان کا وقت ہے۔

بیگم خالدہ شاہ نے مکتوب کہا ہے کہ اگر سیاسی جماعتوں کا مثبت جواب ملا تو پھر باضابطہ گفت و شنید کی نشست کی تاریخ آپسی  مشورے کے بعد طے کی جاسکتی ہے، جس میں مشترکہ لائحہ عمل مرتب ہوسکتا ہے۔ خالدہ شاہ نے کہا کہ بھارتی حکومت مفاد پرستوں کے ذریعے ریاست میں اپنے  منصوبوں کو پورا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ان منصوبوں میں دفعہ 35 A اور 370 کو ہٹانے کے علاوہ اب اسمبلی حلقوں کی نئی حدبندی بھی شامل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن اور شناخت کے جو وعدے جدید بھارت کے معماروں نے کئے تھے، اُن پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 799747

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/799747/مفاد-پرستوں-کے-منصوبے-ناکام-بنانے-کیلئے-متحدہ-محاذ-کی-ضرورت-ہے-خالدہ-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org