0
Sunday 16 Jun 2019 09:02

فرقہ پرستوں نے اردو کو مسلمانوں کیساتھ جوڑ کر بڑا ظلم کیا ہے، فاروق عبداللہ

فرقہ پرستوں نے اردو کو مسلمانوں کیساتھ جوڑ کر بڑا ظلم کیا ہے، فاروق عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ کشمیر یونیورسٹی میں کل 23ویں کُل ہند اردو کتاب میلے کا افتتاح کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ریاست میں اردو کی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اردو کھبی بھی کسی مخصوص طبقے، مذہب یا فرقے کی نہیں رہی، جبکہ قومی کونسل برائے فروغ اردو کے ڈائریکٹر شیخ عقیل احمد نے کشمیر کو اردو کا مرکز اور علم و ادب کا گہوارہ قرار دیا۔ ایک ہفتہ تک جاری رہنے والے اس میلے کا اہتمام قومی کمیشن برائے فروغ اردو زبان نے کیا ہے۔ تقریب میں کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد بھی موجود تھے۔ میلہ کا افتتاح کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اردو بھارت کے گنگا، جمنی تہذیب کی عکاسی اور نمائندگی کرتی ہے۔

انہوں نے کشمیر میں علاقائی زبانوں اور اردو کی موجودہ صورتحال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنی مادری زبان کے ساتھ ساتھ اردو زبان کی تعلیم و تدریس پر بھی زور دینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اردو ہندوستانی زبان ہونے کے ساتھ ساتھ کشمیر کی سرکاری زبان بھی ہے۔ ڈاکٹر عبداللہ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی زبانوں سے ہمیں مرعوب ہونے کی قطعی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ اردو میں تمام علوم و فنون کا خزانہ موجود ہے۔ ڈاکٹر شیخ عقیل احمد کہا کہ کشمیر چونکہ اردو کا مرکز ہے، علم و ادب کا گہوارہ ہے اور یہاں اردو کے چاہنے والوں کی اچھی خاصی تعداد ہے، اس لئے قومی اردو کونسل نے اس بار کشمیر میں کتاب میلے کے انعقاد کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیر ہمارے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے اور ہمیں کشمیری ادیبوں اور شاعروں سے اپنے رشتے کو اور بھی مضبوط کرنا ہے اور فروغ اردو کے منصوبوں میں کشمیری ادیبوں اور شاعروں کو خصوصی طور پر شامل کرنا ہے۔ پروفیسر طلعت احمد نے کہا کہ کشمیر یونیورسٹی کونسل کے تعاون سے اردو زبان کی ترویج و ترقی کے لئے ہر پروگرام کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں ہے بالخصوص جموں و کشمیر میں چونکہ اس کو یہاں سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے، لہٰذا اس کے فروغ کے لئے نہ صرف اعلیٰ سطح پر بلکہ بنیادی سطح پر بھی زور دینے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 799748
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش