0
Sunday 16 Jun 2019 12:16

آئی ایم ایف کے ایجنٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی، مولانا عبدالواسع

آئی ایم ایف کے ایجنٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی، مولانا عبدالواسع
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے وفاقی بجٹ کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ عوام نہیں، آئی ایم ایف دوست ہےجس کا مقصد عوام کا خون چوسنا اور قرضوں کی وصولی کے سوا کچھ نہیں، پہلے سے مہنگائی سے تنگ عوام کا نئے بجٹ نے مزیدجینا دوبھر کردیا ہے، اس پر نظر ثانی کی جائے، لگتا ہے کہ عوام سے انتقام لیا جا رہا ہے۔ سلیکٹیڈ وزیراعظم کہتے تھے کہ وہ آبادی کنٹرول کریں گے تو لگتا ہے کہ وہ لوگوں کو خودکشی پر مجبور کر کے ہی آبادی کنٹرول کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کے بعد اپنی رہائشگاہ پر مولانا کمال الدین اور سید مطیع اللہ اور ضلع پشین کے دیگر رہنماؤں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ یہ پہلا بجٹ نہیں، موجودہ حکومت تو گذشتہ سال سے یہ شغل پورا سال کرتی چلی آرہی ہے اور آئندہ بھی اس سے خیر کی توقع نہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ہر مہینے بجٹ لایا جاتا ہے۔

عمران خان کہا کرتے تھے کہ سونامی آئے گا اور یقینی طور پر بجٹ کی شکل میں وہ سونامی لا چکے ہیں، جس کی تباہ کاریوں کا شکار عوام ہوں گے، عوام تیاری کرلیں، آئی ایم ایف کے قصابوں کا تیار کردہ بجٹ واقعی عوام کی چیخیں نکلوا دے گا، سمندر سے تو تیل نہیں نکل سکا، حکومت عوام کا تیل نکالنے کی تیاری کرچکی ہے، آئی ایم ایف کی ایجنٹ حکومت سے نجات کے لئے عوام تیار ہو جائیں، ان حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ ورنہ غیر مرئی قوتوں کی یہ نمائندہ حکومت ملکی سلامتی کے بھی درپے ہو جائے گی، جس نے خود انحصاری کی معاشی پالیسی اختیار کرنے کی بجائے، قرضے لینے کے لئے پاکستان کو ہی گروی رکھ دیا ہے، خطرہ ہے کہ مختلف پارٹیاں تبدیل کرنے کے ماہر سیاسی عناصر پر مشتمل افراد پر مشتمل یہ حکمران ٹولہ ایٹمی اثاثوں پرہی کہیں سمجھوتہ نہ کرلے، بہت جلد اپوزیشن جماعتوں کو متحدہ مجلس عمل کی قیادت ایک پلیٹ فارم اکٹھا کرے گی، تاکہ عوامی نجات کا پروگرام ترتیب دیا جا سکے۔
 
خبر کا کوڈ : 799804
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش