0
Sunday 16 Jun 2019 16:20

کینیا اور صومالیہ میں ریاستی اداروں پہ خوفناک حملے، کئی اہلکار ہلاک

کینیا اور صومالیہ میں ریاستی اداروں پہ خوفناک حملے، کئی اہلکار ہلاک
اسلام ٹائمز۔ صومالیہ میں صدارتی محل میں داخلی چیک پوسٹ پر خود کش کار بم دھماکے میں 8 افراد ہلاک اور 12 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق خود کش حملہ آور نے صومالیہ کے صدارتی محل کے باہر چیک پوسٹ پر بارود سے بھری کار ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 8 افراد ہلاک اور 12 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں سکیورٹی فورس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایئرپورٹ کو جانے والے شاہراہ پر واقع چیک پوسٹ پر خود کش کار بم دھماکا کیا گیا، جس میں 16 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شدت پسند جماعت الشباب نے دونوں خود کش حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹ کے علاقے میں اہم سول افسران کی رہائشی کالونی کو نشانہ بنایا ہے جب کہ صدارتی محل کے اندر داخل ہونے میں ناکامی پر چیک پوسٹ کو دھماکے سے اُڑا دیا گیا۔

دوسری جانب کینیا میں پولیس قافلے کو بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں 8 افسران ہلاک ہوئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیا میں صومالیہ کی سرحد کے نزدیک گشت پر مامور پولیس گاڑی کے نزدیک اچانک زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 8 پولیس افسران ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے اُس وقت کیا گیا جب پولیس افسران کی گاڑی سرحدی امور کی نگرانی کے لیے اس جگہ سے گزر رہی تھی۔ زخمیوں کو ملٹری اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ تاحال کسی گروپ نے بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں شدت پسند جماعت الشباب کافی متحرک ہے اور گزشتہ چند دنوں سے حملوں میں تیزی آئی ہے۔ پولیس نے شدت پسندوں کی گرفتاری کے لیے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے اور تلاشی کا عمل جاری ہے تاہم کسی قسم کی گرفتاری کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 799821
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش