0
Sunday 16 Jun 2019 21:55

اسرائیل کی "عسقلان" جیل میں قید فلسطینیوں کیجانب سے بھوک ہڑتال کا اعلان

اسرائیل کی "عسقلان" جیل میں قید فلسطینیوں کیجانب سے بھوک ہڑتال کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ عرب ذرائع کے مطابق عسقلان شہر میں واقع اسرائیلی جیل میں بڑی تعداد میں قید فلسطینی قیدیوں نے جیل انتظامیہ کی طرف سے اپنے بنیادی حقوق کے مسلسل غصب کئے جانے کے خلاف غیر معینہ مدت کے لئے بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ اس جیل میں قید فلسطینی قیدی قبل ازیں، جاری سال کے ماہ اپریل میں بھی اپنے ساتھ  اسرائیلی فوجیوں کے ناروا سلوک کے خلاف احتجاج کرچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فلسطینی قیدیوں کی بیرکوں میں ہر رات کے چھاپوں اور بےجا تلاشیوں کے بعد انہیں مختلف قسم کے جرمانوں، شدید زدوکوب اور بارہا کال کوٹھڑیوں میں بھیج دینے کا سامنا تھا جبکہ اسرائیلیوں کے اس عمل کے خلاف عالمی برادری تک اپنی آواز پہنچانے کے لئے فلسطینی قیدیوں نے غیر معینہ مدت کے لئے اپنی بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

"اسیرانِ فلسطینی" نامی فلسطینی قیدیوں کی انجمن کے سربراہ "قدورہ فارس" نے میڈیا کو بتایا کہ عسقلان جیل میں قید فلسطینی باشندوں کو وحشیانہ انداز میں ضرب و شتم کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ایک مرتبہ جیل میں فلسطینی قیدیوں کے نمائندے "ناصر ابو حمید" نے جب اسرائیلی فوجیوں کے ناجائز احکامات کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا اور مزاحمت کا اظہار کیا تو انہیں ایک اور جیل بھیج دیا گیا اور جرمانے کے طور پر جیل کے اندر موجود وہ چھوٹی سی دکان بھی بند کر دی, جس سے قیدی اپنی ضرورت کی چھوٹی موٹی اشیاء خریدا کرتے تھے۔ "قدورہ فارس" نے مزید کہا کہ اس جیل میں عمر قید کے تقریبا~ 600 کے قریب قیدی موجود ہیں, جن میں سرفہرست "عبداللہ البرغوثی" ہیں۔ اسی طرح "انجمن امور اسیران و آزاد شدگان" کے سربراہ "قدری ابوبکر" نے بھی عسقلان جیل کی خراب صورتحال کا ذمہ دار تل ابیب کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ عسقلان جیل میں موجود اس خراب صورتحال کے عنقریب ایک خطرناک تناؤ میں بدل جانے کے بھی قوی امکانات موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ : 799856
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش