0
Sunday 16 Jun 2019 22:41

بھارتی میڈیا کا منفی پروپیگنڈہ بے بنیاد اور من گھڑت ہے، مزاحمتی قائدین

بھارتی میڈیا کا منفی پروپیگنڈہ بے بنیاد اور من گھڑت ہے، مزاحمتی قائدین
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ مزاحمتی قیادت نے کشمیری عوام کی مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مہمان نوازی کی عظیم روایات کو پوری دنیا کے لئے ایک مثال قرار دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ امرناتھ کے لئے آنے والے یاتری ہمارے مہمان ہیں اور ان کی مہمان نوازی انہی شاندار روایات کے مطابق کی جائے گی۔ مزاحمتی قائدین نے کہا کہ چاہے سیاح ہوں یا یاتری کشمیری عوام نے ہمیشہ مشکل اور بدترین حالات میں بھی اپنی اسلامی اور مہمان نوازی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ان لوگوں کا نہ صرف خیرمقدم کیا ہے بلکہ ان کو تحفظ بھی فراہم کیا ہے۔ بھارت کے سرکاری میڈیا کی جانب سے اس ضمن میں کئے جا رہے پروپیگنڈے کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے قائدین نے کہا کہ یاتریوں کے تحفظ کے حوالے سے جو غلط تاثر دیا جا رہا ہے، وہ حقیقت سے کوسوں دور اور محض پروپیگنڈا ہے، جو میڈیا کے اس حصے کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے، جس کے تحت وہ کشمیر کے حالات کی صحیح عکاسی کرنے کے بجائے یہاں کے حالات کو توڑ مروڑ کر دنیا کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔

مزاحمتی قائدین نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ بھارت کے لوگ یہاں آئیں اور کشمیری عوام پر حکومتی سطح پر جو مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، ان کے جملہ حقوق طاقت کے بل پر سلب کئے جا رہے ہیں اور بے پناہ فوجی جماﺅ اور طاقت کے بل پر یہاں کے عوام کو پشت بہ دیوار کرنے کے لئے جو مذموم حربے استعمال کئے جا رہے ہیں، وہ ان حالات کو سمجھیں اور مسئلہ کشمیر کی اصل اور تاریخی حقیقت سے واقف ہو جائیں، تاکہ ان کو حکومتی سطح پر اور بھارتی میڈیا کے بعض حصے کی جانب سے کشمیر اور کشمیری عوام سے متعلق جو غلط تاثر دیا جا رہا ہے اور مسئلہ کشمیر کی اصل حقیقت سے بے خبر رکھا جا رہا ہے، وہ اُس سے باخبر ہوکر دوسروں کو بھی یہاں کے اصل زمینی حقائق سے آگاہ کریں۔

مشترکہ مزاحمتی قیادت نے کہا کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ہندوستان کے عوام کو ہمیشہ کشمیر کے صحیح حالات و حقائق اور اس مسئلہ کے سیاسی اور تاریخی پس منظر سے بے خبر رکھنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے، حکومتی سطح پر اور بھارتی میڈیا کے ایک حصے نے ہمیشہ یہاں کے حالات کو دنیا کے سامنے غلط رنگ میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے اور یہی منفی سوچ یاتریوں کے تحفظ کے حوالے سے بھی اختیار کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان یاتریوں اور سیاحوں کو اپنی اور کشمیری عوام کی جانب سے یقین دلانا چاہتے ہیں کہ کشمیری عوام کی جانب سے ان کو کسی بھی قسم کا کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے، وہ کشمیری عوام اور یہاں کے حالات کے حوالے سے کئے جا رہے منفی پروپیگنڈے سے متاثر ہونے کے بجائے بے خوف ہوکر اپنے مذہبی فریضہ کو انجام دیں۔
خبر کا کوڈ : 799857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش