QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر کی مجموعی صورتحال پر بین الاقوامی برادری کی بے حسی ہی بھارتی مظالم کی بنیادی وجہ ہے، مشتاق منہاس

17 Jun 2019 07:58

وزیر اطلاعات آزادکشمیر کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ بھارت کی قابض فوج ایک خاص منصوبے کے تحت کشمیر کے نوجوانوں کو دیوار کے ساتھ لگا کر انہیں انتہائی قدم اُٹھانے پر مجبور کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے گلی کوچوں میں بہنے والے خون اور تباہی و بربادی کا حساب نریندر مودی سے لینے کا وقت آ پہنچا ہے۔ گولیوں سے کشمیریوں کے جسموں کو چھلنی اور بارود سے اُن کی جائیداد اور کاروبار تو تباہ کیا جا سکتا ہے لیکن اُن کے دلوں میں بسی روح آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں چھین سکتی۔ مقبوضہ کشمیر میں پانچ نوجوانوں کی شہادت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ محاصروں اور گھر گھر تلاشیوں کے بہانے بھارتی قابض فوج کے اہلکار عام شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو چن چن کر قتل اور پیلٹ گنوں کے استعمال سے بصارت سے محروم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر جنسی تشدد اور اُنہیں ہراساں کرنا اب معمول بن چکا ہے جبکہ بچوں اور خواتین کو بطور ڈھال استعمال کرنے جیسے جرائم کا ارتکاب بے دریغ کیا جا رہا ہے۔ یہ وہ جرائم ہیں جنہیں بین الاقوامی طور پر انسانیت کے خلاف جرائم سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو جلد یا بدیر ان جرائم کا حساب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے جس بے دردی سے نوجوانوں اور نہتے شہریوں کو قتل کیا وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کے نیم پاگل حکمران کشمیریوں کو قتل کر کے اُنہیں جیلوں میں بند کر کے اور عقوبت خانوں میں تشدد کا نشانہ بنا کر غلامی کی زندگی قبول کئے رکھنے پر مجبور کر رہے ہیں، لیکن بھارت کا یہ جبر اور کشمیر کے متعلق اس کے مذموم منصوبے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بھارت کی قابض فوج ایک خاص منصوبے کے تحت کشمیر کے نوجوانوں کو دیوار کے ساتھ لگا کر انہیں انتہائی قدم اُٹھانے پر مجبور کر رہی ہیں تاکہ فوج کو نوجوانوں کو قتل کرنے کا مذید جواز مل سکے۔ انہوں نے مقبوضہ وادی میں تسلسل کے ساتھ نوجوانوں کے قتل عام کو بین الاقوامی انسانی اقدار کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی قابض افواج بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے جن کو لگام دینا اور محاسبہ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ بات بین الاقوامی برادری پر عیاں ہوتی جا رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے سیاسی حقوق خاص طور پر اپنے بنیادی حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جبکہ بھارت اُن کے مطالبات کے جواب میں ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اُن کے خلاف طاقت کا ناجائز استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ظلم، بربریت اور جبر کے تمام ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باوجود کشمیریوں کے دلوں سے آزادی کی تڑپ ختم کرنے میں برُی طرح ناکام رہا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مجموعی صورتحال پر بین الاقوامی برادری کی بے حسی ہی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور دنیا کی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ قابض فوج کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔


خبر کا کوڈ: 799871

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/799871/مقبوضہ-کشمیر-کی-مجموعی-صورتحال-پر-بین-الاقوامی-برادری-بے-حسی-ہی-بھارتی-مظالم-بنیادی-وجہ-ہے-مشتاق-منہاس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org