0
Monday 17 Jun 2019 10:55

سیاحت سے معاشی فوائد اٹھانے کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر منصوبہ بندی کی جائے، مسعود خان

سیاحت سے معاشی فوائد اٹھانے کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر منصوبہ بندی کی جائے، مسعود خان
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے لوگ سیاحت کی تیزی سے ہوتی ہوئی ترقی سے معاشی فوائد اٹھانے کے لئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر منصوبہ بندی کریں، حکومت اپنے حصے کا کردار ادا کر رہی ہے اور جو کمی کوتاہی ہے اسے بھی دور کیا جائے گا۔ رالاکوٹ، بنجونسہ اور تولی پیر جیسے سیاحتی مقامات کی ترقی کے لئے موثر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جس پر بھرپور توجہ دی جائے گی، لیکن مقامی آبادی کا بھی فرض ہے کہ وہ ان علاقوں میں ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے، جنگلات کی حفاظت کی جائے، علاقے کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک رکھا جائے اور قدرتی وسائل کی حفاظت کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس بنجونسہ میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر ریاست سے ملاقات کرنے والوں میں چیئرمین آزادکشمیر بورڈ آف انوسٹمنٹ نوید صادق، ڈاکٹر اشتیاق کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے وفد کے علاوہ ریٹائرڈ صدر معلم ہائی سکول بنجونسہ محمد عنائیت خاب کی قیادت میں بنجونسہ کے عوامی وفد، پروفیسر خالد محمود خان کی قیادت میں بنجونسہ کے ایک اور وفد اور بھیڑی ہورنہ میرہ سے سردار توصیف عزیز کی قیادت میں عوامی وفد شامل تھے۔

چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ سردار نوید صادق سے گفتگو کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ پرائیوٹ پبلک پارٹنر شپ کے عالمی کامیاب ماڈل کو سامنے رکھ کر ایسی پلاننگ کی جائے جس کے نتیجے میں ایک طرف غیر ملکی اور سمندر پار کشمیریوں کو آزادکشمیر میں سرمایہ کرنے پر راغب کیا جائے اور دوسری جانب ریاست کے مختلف سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر کے سرمایہ کاری کے لئے فضا کو سازگار اور پرکشش بنایا جائے۔ انہوں نے چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ سے کہا کہ وہ لندن میں ایک سرمایہ کاری کانفرنس کا اہتمام کریں جس میں برطانیہ سمیت یورپ اور امریکہ میں آباد کشمیری تارکین وطن کو مدعو کیا جائے اور ان کے سامنے آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومت کی طرف سے رعایت و مراعات کی تفصیل پیش کر کے انہیں یہاں سرمایہ کاری کرنے پر راغب کیا جائے۔

ڈاکٹر اشتیاق کی قیادت میں ملنے والے مسلم لیگ (ن) کے وفد نے صدر ریاست سے مطالبہ کیا کہ دوتھان دمھن کوٹ تا پونوٹہہ سڑک کی مرمتی اور کشادگی کی جائے تاکہ علاقے میں سبزیوں اور پولٹری کی مصنوعات کو مارکیٹ تک رسائی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے علاقے میں معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہو گا اور عوام کی زندگی میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔

(ریٹائرڈ) صدر معلم ہائی سکو ل بنجونسہ سردا رعنائیت خان کی قیادت میں وفد نے صدر آزادکشمیر کو بتایا کہ گورنمنٹ ہائی سکول بنجونسہ اور دہی مرکز صحت کی عمارات گزشتہ تیرہ سال سے زیرتعمیر ہیں، عوام علاقہ کے پرزور مطالبے کے باوجود انتہائی اہمیت کی حامل ان عمارات کو اب تک مکمل نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے بنجونسہ میں میٹرک کے طلبہ کے بورڈ کے امتحانات کے لئے سنٹر کے قیام اور بجلی کی لائن کا فاصلہ بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا۔

سردار توصیف عزیز کی قیادت میں ہورنہ میرہ بھیڑی کے وفد نے صدر ریاست سے ملاقات کے دوران ہورنہ میرہ انٹر کالج میں سائنس کلاسز کے اجراء، سٹاف کی کمی پوری کرنے اور ہائی سکول بھیڑی کے لئے فرنیچر کی فراہمی، گراؤنڈ وال کی تعمیر، سکول میں اضافی کمرہ جات کی تعمیر اور ہورنہ میرہ داتوٹ روڈ براستہ بیروٹہ کی پختگی کے مطالبات پیش کئے۔ صدر نے تمام عوامی وفود کے مطالبات پر ہمدردانہ غور اور ان کے حل کے لئے حکومتی سطح پر بھرپور کوششیں کرنے کا وعدہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 799912
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش