0
Monday 17 Jun 2019 21:05

حکومت کا خاتمہ ملک کی نجات کا راستہ ہے، مولانا فضل الرحمان

حکومت کا خاتمہ ملک کی نجات کا راستہ ہے، مولانا فضل الرحمان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں حزب اختلاف کی بڑی جماعتوں کے قائدین نے حکومت مخالف لائحہ عمل طے کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان سے رابطے کیے ہیں۔ اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ حکومت کو عوام دشمن بجٹ منظور نہیں کرانے دیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غریب دشمن بجٹ کو منظور نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کا الگ الگ سیاسی نظریہ ہے تاہم حکومت کے عوام دشمن اقدامات کے خلاف مل کر جدوجہد پر اتفاق پایا جاتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کیا ہے۔ غریب آدمی بازار میں راشن خریدنے کے قابل نہیں رہا۔ بجٹ کی منظوری کے بعد وہ بجلی اور گیس کے بل بھی نہیں ادا کر پائے گا۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اس حکومت کا خاتمہ قوم اور ملک کی نجات کا راستہ ہے۔ جون کے آخری عشرے میں کل جماعتی کانفرنس میں مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت کو باہر سے ایجنڈے کے طور پر مسلط کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کے اور مولانا فضل الرحمان کے مؤقف میں صرف اتنا فرق ہے کہ پیپلز پارٹی پارلیمان کو اپنی مدت پورا کرتے دیکھنا چاہتی ہے جبکہ جمعیت علمائے اسلام کی رائے ہے کہ حکومت کو ختم کر کے نئے الیکشن ہوں۔ بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف تحریک کے بارے میں آل پارٹیز کانفرنس میں جو بھی فیصلہ ہوا، اس پر ہی ساری جماعتیں آگے بڑھیں گی۔
خبر کا کوڈ : 800018
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش