QR CodeQR Code

معاشی عدم استحکام حکومتی ناقص پالیسی کا شاخسانہ ہے، ثروت اعجاز قادری

17 Jun 2019 23:59

معززین سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ جمہوریت تو غریبوں کو تحفظ اور حقوق فراہم کرتی ہے، مگر موجودہ جمہوریت میں مسلسل غریبوں کا استحصال اور بار بار مہنگائی میں اضافہ کرکے غریب سے آخری لقمہ بھی چھینا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مہنگائی سے عام آدمی کا سانس لینا دشوار ہوگیا، غریب عوام کو آئی سی یو میں ڈالا جا رہا ہے، معاشی عدم استحکام حکومت کی ناقص پالیسی اور منصوبہ بندی کا شاخسانہ ہے، پی ٹی آئی حکومت جب اپوزیشن اور اسٹریک ہولڈر جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لے گی، تو اس کے منفی اثرات تو رونما ہونگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر مختلف علاقوں سے آئے ہوئے معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ڈالر تاریخ کی بلند ترین اُنچائی پر پہنچ گیا اور کہا جاتا ہے کڑوی گولی نگلنا ہوگی، حکومت بتائے کڑوی گولی زبردستی غریب نے ہی نگلنا ہے یا حکومت بھی ریلیف دینے کیلئے کڑوا گھونٹ پینے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں کا بوجھ غریب پر، ٹیکس کا بوجھ غریب پر، سرمایہ داروں کو دیئے گئے قرضے اور ٹیکس کون وصول کرے گا، حکمران آئین کی بالادستی کو یقینی بناتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک کا آئین غریب کو جینے کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کرتا ہے، جمہوریت تو غریبوں کو تحفظ اور حقوق فراہم کرتی ہے،  مگر موجودہ جمہوریت میں مسلسل غریبوں کا استحصال اور بار بار مہنگائی میں اضافہ کرکے غریب سے آخری لقمہ بھی چھینا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کو ختم کرنا ہے، تو پھر کرپشن کے خاتمے کیلئے پڑوس ممالک جیسے قوانین بنانا ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ آمرانہ طرز پالیسیاں کسی طور بھی ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے، عوام ملک کی ترقی معاشی استحکام کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں، حکمرانوں کو عوام دوست پالیسیاں مرتب اور معاشی عدم استحکام سے نمٹنے کیلئے نیت اچھی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی عدم استحکام سے نمٹنے کیلئے تمام اکائیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 800043

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/800043/معاشی-عدم-استحکام-حکومتی-ناقص-پالیسی-کا-شاخسانہ-ہے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org