0
Tuesday 18 Jun 2019 12:48

آصف زرداری نیب کی بدنیتی ثابت کرنے میں ناکام, تفصیلی فیصلہ جاری

آصف زرداری نیب کی بدنیتی ثابت کرنے میں ناکام, تفصیلی فیصلہ جاری
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مبینہ جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی درخواست ضمانت مسترد ہونے سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری نیب کی بدنیتی ثابت کرنے میں ناکام رہے، نیب کے مطابق منی ٹریل کا براہ راست تعلق آصف علی زرداری سے ہے۔ نیب کو تحقیقات کے لئے آصف زرداری کی حراست درکار ہے، دیگر جرائم کی طرح وائٹ کالر کرائم کا سراغ لگانا آسان نہیں ہے، ملزمان کو دستاویزات سے سامنا کروانا اور کڑیاں جوڑنا ضروری ہوتا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے فیصلہ جاری کیا۔ سات صفحات پر مشتمل فیصلے میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کے حوالے بھی  موجود ہیں۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیاہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے میں سپریم کورٹ نے نیب کیسز میں ضمانت کا معیار مقرر کیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق ضمانت قبل ازگرفتاری کیس میں بھی ہوتا ہے۔ اعلٰی عدلیہ کے فیصلوں کے مطابق گرفتاری میں بدنیتی ہو تو عبوری ضمانت دی جا سکتی ہے۔ اعلٰی عدلیہ کے فیصلوں کے مطابق عبوری ضمانت کے لئے بھی غیر معمولی حالات ہونے چاہئیں۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب مزید تفتیش کے لئے آصف زرداری کو گرفتار کرنا چاہتی ہے۔ عدالت کے سامنے موجود حقائق کے مطابق نیب کی آصف زرداری کو گرفتار کرنے میں کوئی بدنیتی نہیں۔ ضمانت قبل ازگرفتاری کے معیار پر آصف زرداری کی درخواست پوری نہیں اترتی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ آصف زرداری کی درخواست ضمانت کے معیار پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے مسترد کی جاتی ہے۔ تفصیلی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ احتساب عدالت میں جمع کرائے گئے مچلکے صرف حاضری کے لئے ہیں، سیکشن 91 کے مچلکے نیب کو گرفتاری سے نہیں روک سکتے، نیب کیس کی تحقیقات کر رہا ہے۔ عدالت نے لکھا کہ کیس کی تحقیقات جاری ہوں تو چیئرمین نیب کو ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار ہے، عبوری ریفرنس دائر ہونے پر چیئرمین نیب کا ملزم کے وارنٹ جاری کرنے کا اختیار ختم نہیں ہوتا، صرف غیر معمولی حالات میں ہی ملزم کو ضمانت دی جاسکتی ہے۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2رکنی بنچ نے 10جون کو آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی اور اسی روز آصف علی زرداری کو نیب کی طرف سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کررکھا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 800149
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش