QR CodeQR Code

اسپیکر قومی اسمبلی سیاسی قیدی اور کرمنل میں فرق کو واضح کریں، فردوس عاشق اعوان

18 Jun 2019 19:14

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات کا کہنا تھا کہ ماضی میں وزیراعظم چادر سے زیادہ اپنے پاؤں پھیلاتے رہے، دوہزار چودہ پندرہ میں وزیراعظم نے 88 کروڑ روپے کا بجٹ استعمال کیا، قوم کو اصلاح کا درس دینے والے عوام کے ٹیکس کا پیسا خرچ کرتے رہے۔


اسلام ٹائمز۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سیاسی قیدی اور کرمنل میں فرق کو واضح کریں، جو لوگ کرپشن کیسز میں جیل میں ہیں وہ سیاسی قیدی کا لیبل لگا کر قوم کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ماضی میں وزیراعظم چادر سے زیادہ اپنے پاؤں پھیلاتے رہے، دوہزار چودہ پندرہ میں وزیراعظم نے 88 کروڑ روپے کا بجٹ استعمال کیا، قوم کو اصلاح کا درس دینے والے عوام کے ٹیکس کا پیسا خرچ کرتے رہے۔ معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پر انگلیاں اٹھانے والے ٹولے کو اپنی آنکھیں نیچی رکھنی چاہیے، کیوںکہ ان کا پورے کا پورا خاندان سرکاری خرچے پر پل رہا تھا، رائیونڈ میں کیمپ آفس بنایا گیا جس کی دیواریں قوم کے پیسوں سے بنائی گئیں، شہبازشریف نے ذاتی تشہیر اور ذاتی عیاشیوں پر 45 ارب روپے خرچ کئے، اقوام متحدہ میں راج کماری اور نواز شریف کی نواسی تک جاتے رہے، گزشتہ حکومت کے دوران وزیراعظم ہاؤس کا بجلی کا بل 28 کروڑ روپے موجودہ حکومت ادا کر رہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس بنانے والے اور منی لانڈرنگ کرنے والے رنگے ہاتھوں گرفتار ہوئے ہیں، جو لوگ کرپشن کیسز میں جیل گئے وہ سیاسی قیدی کا لیبل لگا کر قوم کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں، شرمندہ ہونے کے بجائے یہ لوگ سینہ زوری کر رہے ہیں، یہ آئین کی بالادستی نہیں بلکہ اپنی بالادستی پر زور دے رہے ہیں، بجٹ نہ منظور کرنے دینے اور پارلیمنٹ کو یرغمال بنانے والے سیاسی قیدی نہیں، یہ کون ہوتے ہیں بجٹ روکنے والے، بجٹ سے ملک کی سیکیورٹی وابستہ ہے، اسپیکر قومی اسمبلی سیاسی قیدی اور کرمنل میں فرق کو واضح کریں۔


خبر کا کوڈ: 800198

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/800198/اسپیکر-قومی-اسمبلی-سیاسی-قیدی-اور-کرمنل-میں-فرق-کو-واضح-کریں-فردوس-عاشق-اعوان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org