QR CodeQR Code

حکومت کو مزید وقت دینا ملک اور عوام کیساتھ ظلم ہوگا، اعجاز ہاشمی

18 Jun 2019 22:07

جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ نیب کی ظالمانہ کارروائیاں حکومت کو چلانے اور بجٹ منظور کروانے کیلئے جاری رکھی جا رہی ہیں، خدشہ ہے کہ اپوزیشن رہنماوں کی مزید گرفتاریاں بھی ہوسکتی ہیں اور سرکاری جماعت پر خوف برقرار رکھنے کیلئے سبطین خان جیسے مزید حکومتی وزراء کو بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز ہاشمی نے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو مزید وقت دینا ملک اور عوام کیساتھ ظلم ہوگا۔ نیازی سرکار ناکامیوں کی داستان ہے، اسے ایمپائر کی سرپرستی حاصل نہ ہو تو یہ ایک مہینہ بھی اقتدار میں نہیں گزار سکتی، نیب کی ظالمانہ کارروائیاں حکومت کو چلانے اور بجٹ منظور کروانے کیلئے جاری رکھی جا رہی ہیں، خدشہ ہے کہ اپوزیشن رہنماوں کی مزید گرفتاریاں بھی ہوسکتی ہیں اور سرکاری جماعت پر خوف برقرار رکھنے کیلئے سبطین خان جیسے مزید حکومتی وزراء کو بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے وثوق سے کہتا ہوں کہ اگر ایمپائر کی سرپرستی عمران حکومت کے سر سے اٹھ جائے تو جو اس وقت خوف اور لالچ کی وجہ سے پی ٹی آئی میں ہیں، وہ بھی بکھر جائیں گے۔

آصف علی زرداری، خواجہ سعد رفیق اور دیگر ارکان پارلیمنٹ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرکے سپیکر قومی اسمبلی جانبداری کا مظاہرہ کر رہے ہیں، حالانکہ وہ ایوان کے نگہبان اور نگران ہیں مگر افسوس کہ انہوں نے نادیدہ قوتوں کے دباو کے باعث اپنی جانبداری برقرار رکھی ہوئی ہے، جو کہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ ایسے بزدل شخص کو جمہوری ایوان کا سپیکر ہونے کا کوئی حق حاصل نہیں، ارکان کے حقوق کا تحفظ نہیں کرسکتے تو اسد قیصر مستعفی ہو جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ حکومتی بینچوں کی بے بسی، اتحادی جماعتوں میں مایوسی اور اپوزیشن کے احتجاج کی وجہ سے حکومت بجٹ منظور کروانے کی پوزیشن میں نظر نہیں آتی۔

آج عمران خان کے سامنے وہی کچھ آرہا ہے، جو اس نے خود کنٹینر کی سیاست کرکے کیا اور قوم کو سکھایا۔ جس بدتمیزی اور لچر پن کی سیاست عمران نے شروع کی، اسی طرح کے حالات کا اسے سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو متحد ہونا ہوگا اور اب صرف سخت الفاظ کا استعمال، آل پارٹیز کانفرنس سے ہی نہیں بلکہ کارکنوں کو سڑکوں پر لانے کیلئے عملی اقدامات بھی کرنا ہوں گے۔ جے یو پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ پاکستان اس نااہل حکومت کا مزید بوجھ برداشت نہیں کرسکتا، بلاول بھٹو زرداری کی مریم نواز اور مولانا فضل الرحمن سے ملاقاتیں خوش آئند ہیں، یہ رابطے حکومت پر دباو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 800219

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/800219/حکومت-کو-مزید-وقت-دینا-ملک-اور-عوام-کیساتھ-ظلم-ہوگا-اعجاز-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org