0
Wednesday 19 Jun 2019 12:00

اپوزیشن کا آصف علی زرداری سمیت گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ

اپوزیشن کا آصف علی زرداری سمیت گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ ایک مرتبہ پھر دہرادیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں جاری ہے اور تقریباً 3 روز کی ہنگامہ آرائی کے بعد آج اسمبلی اجلاس کا ماحول بہتر رہا اور اپوزیشن اراکین نے اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔ اجلاس کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری اس ملک کے صدر رہے ہیں، انہوں نے 11 سال جیل میں گزارے لیکن وہ ہر کیس میں بری ہوئے اور ہم آج بھی ہر فورم پر لڑ رہے ہیں اور آصف زرداری بری ہوں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوابشاہ، لاہور، جنوبی و شمالی وزیرستان کے عوام کو کیسے اس بجٹ عمل سے باہر رکھ سکتے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ جو سب چل رہا ہے وہ جمہوریت اور اس ایوان کی توہین ہے، افسوس کے ساتھ یہ محسوس ہورہا ہے کہ اسپیکر کی کرسی سے جو وعدے کیے گئے ہیں وہ پورے نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ میں پھر مطالبہ کرتا ہوں کہ ہمارا حق اور ایوان کی روایت پورا کرتے ہوئے آصف زرداری اور دیگر گرفتار اراکین قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کے اظہار خیال کے بعد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بات کی اور کہا کہ خدا خدا کرکے یہ موقع آیا کہ ہم ایک دوسرے کی بات سنیں، گزشتہ دنوں میں ایوان کا جو وقت ضائع ہوا وہ اس ایوان کے منافی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ سابق صدر اور لاڑکانہ سے منتخب آصف زرداری، لاہور کے ایم این اے خواجہ سعد رفیق، محسن داوڑ اور دیگر گرفتار 4 رکن اسمبلی اس ایوان کے معزز رکن ہیں، لہٰذا ان کی ایوان میں موجودگی یقینی بنائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 800309
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش