QR CodeQR Code

وزیراعظم عمران خان سے جام کمال کی ملاقات، بلوچستان بجٹ پر تبادلہ خیال

19 Jun 2019 12:31

وزیراعلٰی بلوچستان سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اسے دیگر صوبوں کے برابر لائے گی، وفاقی پی ایس ڈی پی میں صوبائی حکومت کی مشاورت سے اہم منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن پر عملدرآمد کے دوررس نتائج سامنے آئیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے وزیراعظم کے دفتر میں ملاقات کی، ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی ترقی اور صوبے سے متعلق دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ کے لئے حکومت کی ترجیحات اور صوبے کی ترقی کے جاری دیگر اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی مجموعی ترقی کے عمل میں خصوصی اہمیت کی حامل اور وفاقی حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے اور وہ ذاتی طور پر بھی بلوچستان کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اسے دیگر صوبوں کے برابر لائے گی، وفاقی پی ایس ڈی پی میں صوبائی حکومت کی مشاورت سے اہم منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن پر عملدرآمد کے دوررس نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی قابل تقسیم محاصل سے بلوچستان کو اس کے حصے کے فنڈز کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دی جائے گی، وزیراعظم نے وزیراعلٰی کی قیادت میں حکومت بلوچستان کی ترقیاتی پالیسی کو سراہا۔
 


خبر کا کوڈ: 800329

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/800329/وزیراعظم-عمران-خان-سے-جام-کمال-کی-ملاقات-بلوچستان-بجٹ-پر-تبادلہ-خیال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org