0
Wednesday 19 Jun 2019 21:10

محمد مرسی کی موت عالم اسلام کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے، مزاحمتی قیادت

محمد مرسی کی موت عالم اسلام کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے، مزاحمتی قیادت
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی، تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی اور پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے مصر کے سابق صدر محمد مرسی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا انتقال عالم اسلام کے لئے نقصان دہ ہے۔ سید علی گیلانی نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ہر ذی نفس کو موت کا مزہ چکھنا ہے، لیکن کچھ ہستیوں کو اپنے وقار، اپنی سچائی، اپنے بلد قد اور اپنی بے پناہ صلاحیتوں کی وجہ سے عوام میں بالعموم اور حق و انصاف کے متلاشیوں کے دلوں میں بالخصوص ایک منفرد مقام حاصل ہوتا ہے اور اُن کے دنیا سے چلے جانے سے ایک ایسا خلا پیدا ہوتا ہے جو بہت عرصے تک محسوس کیا جاتا ہے۔

انہوں نے محمد مرسی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام میں جہاں چار سو افراتفری، جنگ و جدل، خونریزی اور تباہی و بربادی سے ہر ذی حس انسان مایوسی اور بددلی کے ماحول میں گھرا ہوا ہے۔ وہیں محمد مرسی جیسے نڈر، باغیرت، باصلاحیت قائدین اور دشمن کی ریشہ دوانیوں کے سامنے سینہ سپر ہوکر قرون اولیٰ کی یاد تازہ کرتے تھے۔ تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے مصر کے پہلے جمہوری اور آئینی طور منتخب ہوئے صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی دوران اسیری انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم اور شدید صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتقال عالم اسلام کے لئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد مرسی 2012ء میں جمہوری طور مصر کے صدر منتخب ہوئے۔

محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ حق و انصاف اور جمہوریت کے علمبردار ہونے کے دعویدار مغربی ممالک اور مسلم ممالک کے حکمرانوں تک جب کوئی فرد یا تنظیم اسلام کا حیات بخش پروگرام پہنچانے کی کوشش کرتی ہے، تو ان کو سازشوں کا شکار بنایا جاتا ہے، ان پر دہشتگردی کا الزام لگایا جاتا ہے حالانکہ اسلام سب کے لئے رحمت کا پیغام ہے۔ جموں و کشمیر پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے دین پسند رہنما محمد مرسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے اہل خانہ اور رفقاء سے تعزیت کی۔
خبر کا کوڈ : 800359
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب