QR CodeQR Code

قبائلی اضلاع میں الیکشن ملتوی کرنیکے تباہ کن نتائج برآمد ہونگے، باجوڑ سیاسی اتحاد

19 Jun 2019 21:10

سیاسی اتحاد کے مشران  نے کہا کہ 2008، 2013ء اور 2018ء میں حالات اس سے بھی زیادہ کشیدہ تھے، لیکن موجودہ حکومت صوبائی الیکشن سے راہ فرار اختیار کرکے قبائل میں مزید بےچینی پھیلا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ قبائلی اضلاع میں ایف سی آر کے خاتمے کے بعد عدالتی نظام میں حائل رکاوٹیں اور امن و امان کے مسائل مصنوعی طور پر پیدا کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار باجوڑ سیآسی اتحاد کے صدر مولانا وحید گل سمیت صوبائی الیکشن کے امیدواروں حاجی لعلی شاہ، گل افضل، شیخ جان زادہ سمیت پارٹی ورکرز نے ایک پر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکامی کا شکار ہے، خراب کارکردگی کی وجہ سے حکمران جماعت کو اپنے امیدواروں کی واضح ناکامی نظر آرہی ہے اس لئے وہ الیکشن کو ملتوی کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ سیاسی اتحاد کے مشران  نے کہا کہ 2008ء، 2013ء اور 2018ء میں حالات اس سے بھی زیادہ کشیدہ تھے، لیکن موجودہ حکومت صوبائی الیکشن سے راہ فرار اختیار کرکے قبائل میں مزید بے چینی پھیلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار شکایات کے باوجود الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے لیکن کوئی بھی شخص بشمول الیکشن کمیشن ٹس سے مس نہیں ہو رہا۔ مشران نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر صوبائی الیکشن ملتوی کرنے کی کوشش کی گئی تو ہم الیکشن کمیشن باجوڑ کے سامنے نامعلوم مدت تک دھرنا دیں گے اور باجوڑ کے عوام کو سڑکوں پر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی ضلع باجوڑ سمیت قبائلی اضلاع میں الیکشن ملتوی کرنے کے تباہ کن نتائج برآمد ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 800423

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/800423/قبائلی-اضلاع-میں-الیکشن-ملتوی-کرنیکے-تباہ-کن-نتائج-برآمد-ہونگے-باجوڑ-سیاسی-اتحاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org