0
Thursday 20 Jun 2019 09:33

مقبوضہ کشمیر، امام صادق (ع) کے یوم شہادت کی مناسبت سے سالانہ مجلس عزاء کا اہتمام

مقبوضہ کشمیر، امام صادق (ع) کے یوم شہادت کی مناسبت سے سالانہ مجلس عزاء کا اہتمام
اسلام ٹائمز۔ سلسلہ امامت کی چھٹی کڑی حضرت امام جعفر صادق (ع) کے یوم شہادت کی مناسبت سے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے ضلع بڈگام میں سالانہ مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔ انجمن شرعی شیعیان کے مرکزی ذاکرین نے مرثیہ خوانی کی اور احیائے دین و شریعت کے حوالے سے امام عالی مقام (ع) کی گرانقدر خدمات اور بےمثال قربانیوں کو یاد کیا گیا۔ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے حضرت امام جعفر صادق (ع) کی سیرت و کردار کے کئی گوشوں کی وضاحت کی۔

آغا سید حسن نے کہا کہ امام جعفر صادق (ع) کے سایہ سرپرستی میں مسلمانوں نے علوم اسلامی اور عرفان الٰہی کی وہ منزلیں طے کیں، جن سے امت مسلمہ رہتی دنیا تک فیضیاب ہوتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ امام صادق (ع) کا دور امامت علم و آگہی کے ایک درخشندہ دور کی حیثیت سے تاریخ اسلام میں مرقوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ (ع) کے علمی کمالات اور روحانی کرامات کے آگے وقت کے تمام علماء و فضلاء مستفید ہوتے رہے۔ آغا سید حسن نے کہا کہ آپ (ع) نے ہی تاریخ اسلام میں اولین اسلامی دانشگاہ قائم کی، جہاں بیک وقت ہزاروں طالب علم آپ سے شرف تلمز حاصل کیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام حکومت وقت کی پالیسیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے تھے، تاکہ شریعت اسلامی کو حکومتی سطح پر زک نہ پہنچائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ امام جعفر صادق (ع) کی یہ روش وقت کے حکمرانوں کو انتہائی ناگوار گزری اور یہی روش امام عالی مقام (ع) کی شہادت کا باعث بن گئی۔

اس موقعہ پر آغا سید حسن نے شہید مولوی قاضی نثار کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید قاضی نثار کو کشمیر میں احیائے شریعت کے علمبردار اور کشمیریوں کے دینی تشخص کے فکرمند کے طور پر ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ آغا سید حسن نے مصر کے معزول صدر محمد مرسی کے مظلومانہ وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر مرسی کی اسلام پسندی اور دشمنان اسلام سے نفرت و بیزاری کا جذبہ مسلم حکمرانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی ایمانی جذبے کی بناء پر استکباری قوتوں نے ایک سازش کے تحت صدر مرسی کو معزول کیا کیونکہ صدر مرسی مصر کو اسلام اور اسلامی نظام کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے تھے۔
خبر کا کوڈ : 800428
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش