QR CodeQR Code

ایران نے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر جدید ترین امریکی ڈرون مار گرایا

20 Jun 2019 09:59

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے رابطہ عامہ نے ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایران کے صوبہ ہرمزگان میں مبارک پہاڑ کے علاقہ میں امریکی جاسوس ڈرون " گلوبل ہاؤک" نے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، جسے پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکی ڈرون کو مار گرایا۔ میڈیا نیوز کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ نے ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے امریکی ڈرون طیارے کو تباہ کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے رابطہ عامہ نے ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایران کے صوبہ ہرمزگان میں مبارک پہاڑ کے علاقہ میں امریکی جاسوس ڈرون " گلوبل ہاؤک" نے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، جسے پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔ ادھر امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے تصدیق کی ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ڈرون کو فضائی حدود کی خلاف کرنے پر مار گرایا ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ڈرون مار گرایا۔ پاسداران انقلاب نے امریکی ڈرون آر کیو 4 گلوبل ہاوک ایران کے صوبہ ہرمزگان کے علاقے کوہ مبارک میں گرایا۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن بل اربن نے فی الحال اس معاملے پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے آج ایران کے قریب کوئی پرواز انجام نہیں دی۔ واضح رہے کہ 1998ء میں تیار کیا گیا ڈرون RQ-4 Global Hawk ہائی ریزلوشن ریڈار سسٹم (SAR) اور لانگ رینج الیکٹرو آپٹیکل انفریڈ سینسر سے لیس ہے، یہ ڈرون 40 ہزار مربع میل کا سروے کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ اس سے پہلے 2011ء میں ایران نے سٹیلتھ ٹیکنالوجی سے لیس جدید ترین امریکی ڈرون RQ-170 کو ہیک کرکے اتار لیا تھا، جس کے اندرونی سسٹم کو ڈی کوڈ کرنے کے بعد ریورس انجینئرنگ کے ذریعے ایران نے آر کیو 170 کی پوری کھیپ تیار کر لی ہے۔ ایرانی ساختہ یہ ڈرون حال ہی میں شام میں داعش کیخلاف سپاہ پاسداران کے آپریشن میں بھی استعمال کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 800540

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/800540/ایران-نے-اپنی-فضائی-حدود-کی-خلاف-ورزی-پر-جدید-ترین-امریکی-ڈرون-مار-گرایا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org