0
Thursday 20 Jun 2019 12:30

محمد مرسی کی موت کی مجرم مصری حکومت کو عالمی عدالت میں لے کر جائیں گے، طیب اردگان

محمد مرسی کی موت کی مجرم مصری حکومت کو عالمی عدالت میں لے کر جائیں گے، طیب اردگان
اسلام ٹائمز۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مصر کے سابق صدر محمد مرسی کی موت کی مجرم مصری حکومت کو عالمی عدالت میں لے کر جائیں گے۔ استنبول میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصر کے سابق صدر محمد مرسی کمرہ عدالت میں 20 منٹ تک مدد کے لیے ہاتھ ہلاتے رہے لیکن حکام نے توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ میں اس لیے کہتا ہوں کہ محمد مرسی مرے نہیں بلکہ انہیں قتل کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رجب طیب اردوان نے اسلامی تعاون کونسل (او آئی سی) سے مطالبہ کیا کہ وہ محمد مرسی کے قتل پر سخت اقدام اٹھائے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ہم، بطور ترکی، اس مسئلے کو زندہ رکھیں گے اور محمد مرسی کے قتل کے جرم میں مصر کی حکومت کو عالمی عدالت میں لے جائیں گے۔ ترکی کے صدر نے محمد مرسی کو شہید کا لقب دیا اور کہا مجھے یقین ہے کہ محمد مرسی کی موت قدرتی وجوہات کے سبب نہیں تھی۔ رجب طیب اردوان نے مزید کہا کہ وہ مذکورہ معاملہ رواں ماہ کے اواخر میں منعقد ہونے والے جی 20 ممالک کے اجلاس میں اٹھائیں گے۔ واضح رہے کہ مصر کے سابق صدر محمد مُرسی 17 جون کو کمرہ عدالت میں انتقال کر گئے تھے۔ عدالتی ذرائع کا کہنا تھا کہ محمد مرسی عدالت میں موجود پنجرے نما سیل میں بند تھے جہاں انہوں نے کچھ دیر جج سے گفتگو کی، سابق صدر نے جج سے تقریباً 20 منٹ تک بات کی۔

اس کے بعد وہ بے ہوش ہوگئے جس پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے۔ محمد مرسی کو جاسوسی، مظاہرین کو قتل کروانے اور جیل توڑنے کے الزامات کے تحت عمر قید، سزائے موت اور 20 سال قید کی سزائیں بھی سنائی گئی تھی۔ قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ہیومن رائٹس واچ گروپ نے محمد مرسی کی وفات کو خوفناک قرار دیا۔ گروپ کا کہنا تھا کہ مصری حکومت سابق صدر کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے محمد مرسی کے کمرہ عدالت میں انتقال اور پنجرے میں گزرے، ان کے آخری لمحات سے متعلق تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 800542
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب