0
Thursday 20 Jun 2019 22:52

بجٹ میں اپوزیشن سمیت تمام حلقوں کو یکساں نمائندگی دی گئی ہے، جام کمال خان

بجٹ میں اپوزیشن سمیت تمام حلقوں کو یکساں نمائندگی دی گئی ہے، جام کمال خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بجٹ عوامی ضروریات کو مدنظر رکھ کرتشکیل دیا گیا ہے۔ بجٹ میں تمام حلقوں کو یکساں نمائندگی دی گئی ہے اپوزیشن سمیت کسی بھی حلقے کو نظر انداز نہیں کیاگیا۔ بجٹ میں تعلیم،صحت، امن و امان، پینے کے صاف پانی کی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی گئی ہے۔حکومت نے ہر لحاظ سے عوامی بجٹ پیش کر کے صوبے کے عوام کو تحفہ  دیا ہے رواں مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں کوئی پیسہ لیپس نہیں ہوا۔ حکومت بجٹ خسارے پر قابو پانے کی بھر پور کوشش کریگی۔ بدھ کے روز بلوچستان اسمبلی میں بجٹ پیش ہونے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی جام کمال خان نے کہا کہ بجٹ سازی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا گیا اور ایسا بجٹ تشکیل دیا گیا جو ہماری حال کی عکاسی اور مستقبل کو بہتر بنانے کے لئے کام کریگا، بجٹ میں تعلیم،صحت، امن و امان، پینے کے صاف پانی کی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی گئی ہے، جبکہ حکومت نے معاشی حکمت عملی سے 100ارب روپے ترقیاتی مد میں رکھے ہیں جن سے سماجی بہتری میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر لحاظ سے بجٹ میں صوبے کے عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے، بجٹ ہمارے حال کی عکاسی اور مستقبل کو بہتر بنانے کے لئے کارآمد ثابت ہوگی۔ اپوزیشن کے احتجاج سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی وفاق اور دیگر صوبوں جیسی ہنگامی آرائی کی صورتحال پیش نہیں آئی اپوزیشن نے ٹوکن احتجاج کیا حکومت پچھلے دو مہینوں سے اپوزیشن سے رابطے میں رہی ہے۔ اپوزیشن جب پی ایس ڈی کا بغور مطالعہ کریگی تو وہ بھی ہماری کوششوں کا اعتراف کریں گے، اپوزیشن کو خدشہ تھاکہ ماضی کی طرح اس بار بھی انکے حلقے نظر انداز کئے جائیں گے لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا کیونکہ جو لوگ آج اپوزیشن کے ووٹر ہیں وہ کل کو ہمارے ووٹر بھی ہو سکتے ہیں، ہم نے صوبے میں سڑکوں کا جال بچھا کر اسے کھولنا ہے، ہر ضلع میں اسپورٹس کمپلیکس بنا رہے ہیں، حلقوں میں سکول، ہسپتال سمیت بنیادی ضروریات بھی فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر ضلع کو اسکی ضروریات کے مطابق ترقی دینے کی کوشش کی ہے کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ اپوزیشن میں ہونے کی وجہ سے انکا حلقہ نظر انداز کیا گیا ہے۔ خسارہ کے بجٹ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی کا پی ایس ڈی پی 80 ارب روپے کا تھا جس میں 60 ارب خسارہ تھا اور ہمارے پاس خرچ کرنے کے لئے محض 20 ارب تھے اس بار ہم نے اپنے پاس حقیقی طور پر موجود پیسوں کے حساب سے بجٹ تشکیل دیا ہے۔ اگر وفاق کی مالی پوزیشن بہتر ہو تو بجٹ خسارہ مزید کم کیا جاسکتا ہے۔ وفاقی پی ایس ڈی پی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، وفاقی وزیر خسرو بختیار سمیت دیگر وفاقی وزراء نے متعدد مرتبہ بلوچستان کے دورے کئے ہیں، ان سے ہماری بات چیت ہوئی ہے وفاق سے بلوچستان کو بہترین پیکج مل رہا ہے، ہم نے وفاق کیساتھ بلوچستان کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی ہے اور جو صوبے کے ضروریات ہے۔ اس کے مطابق ہم نے ان کو پروپوزل دیئے ہیں یہ صرف کچھ علاقوں کیلئے اسکیمات نہیں بلکہ پورے بلوچستان کیلئے ہے۔

دریں اثناء وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مالی سال 2019-20ء کی بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی گئی، وزیراعلٰی نے آئندہ مالی سال کے میزانیہ کی دستاویزات پر دستخط کئے۔ کابینہ کے اراکین نے آئندہ مالی سال کے تاریخی اور عوام دوست بجٹ کو وزیراعلٰی کے صوبے کی ترقی کے وژن کا عکاس قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مزید محنت اور خلوص نیت سے کام کرتے ہوئے سیاسی قیادت اور بیوروکریسی کے اشتراک سے آئندہ مالی سال میں اس سے بھی بہتر بجٹ لایا جائے گا جس سے حکومت اور حکومتی اداروں پر عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہوگا اور صوبہ تیزی سے ترقی کی منازل طے کرے گا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلٰی نے بجٹ کی متفقہ منظوری پر کابینہ کے اراکین کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی بجٹ میں شامل 180ارب روپے سے زائد کے منصوبوں پر عملدرآمد سے ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور اب منصوبے زمین پر نظر آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ موجودہ حکومت کا پہلا اور صوبے کی تاریخ کا منفرد بجٹ ہے جو قواعد وضوابط کے تحت بنایا گیا ہے، جس کے لئے تمام محکموں نے بھرپور محنت کی اور صوبے اور عوام کی ضروریات کے منصوبے بجٹ میں شامل کئے گئے، جام کمال نے کہا کہ ترقیاتی پروگرام میں ہر ضلع کے لئے میگا پروجیکٹ دیئے گئے ہیں، یہ صرف تنخواہوں، پنشن اور غیر ترقیاتی اخراجات کا میزانیہ نہیں بلکہ روزگار کی فراہمی اور غربت کے خاتمے کا بجٹ ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ بجٹ کی تیاری کے تمام مراحل صوبائی حکومت کی نظروں کے سامنے طے ہوئے ہیں اور ہم ماضی کی حکومتوں کی طرح اندھیرے میں نہیں ہیں، وزیراعلٰی نے اراکین کابینہ پر زور دیا کہ وہ میڈیا اور دیگر ذرائع استعمال کرتے ہوئے عوام کو بجٹ سے متعلق آگاہی دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم باہمی اتفاق رائے سے جتنی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اتنا ہی اچھا نتیجہ آئے گا۔ کابینہ اجلاس میں بجٹ کی تیاری کے حوالے سے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور محکمہ خزانہ کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور چیف سیکرٹری اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی گئی۔

 
خبر کا کوڈ : 800640
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش