0
Friday 21 Jun 2019 10:40

یکساں ترقی کیلئے علاقائی کونسلوں کا قیام اہم ہے، علی محمد ساگر

یکساں ترقی کیلئے علاقائی کونسلوں کا قیام اہم ہے، علی محمد ساگر
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیر کے خصوصی تشخص کے خلاف کی جارہی سازشوں کو ناکام بنادیا جائے گا۔ پونچھ میں سرنکوٹ، مینڈھر اور پونچھ کے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر نے کہا کہ کشمیر کے خصوصی تشخص کو مٹاکر اسے تقسیم کرنے کے خواب دیکھنے والوں کی سازشوں کو جموں، کشمیر اور لداخ کے عوام ناکام بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ طاقتیں نیشنل کانفرنس کو بھی کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہیں جو ریاست کے تینوں خطوں کی آواز اور سبھی طبقوں کے درمیان رابطہ ہے۔ انہوں نے پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ پارلیمانی چناؤ میں نیشنل کانفرنس کی کامیابی یہ ظاہر کرتی ہے کہ اسے لوگوں کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان اسمبلی چناؤ کیلئے تیار رہیں چاہے وہ مستقبل میں جس بھی وقت ہوں۔ اپنے خطاب میں صوبائی صدر دیویندر سنگھ رانا نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی تاریخی جیت حاصل کرکے اپنے بل پر ایک مضبوط حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اکیلے ہی ریاست کو امن و خوشحالی کی راہ پر لیجا سکتی ہے اور لوگوں نے بھی یہ من بنالیا ہے کہ وہ ایک مضبوط اور مستحکم حکومت کی خاطر ووٹ دیں گے تاکہ پچھلے چند برسوں کے دوران رک جانے والی ترقی کے عمل کو بحال کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام خطوں اور ذیلی خطوں کی یکساں ترقی کے لئے علاقائی کونسلوں کا قیام اولین ترجیح ہے۔
خبر کا کوڈ : 800652
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش