0
Friday 21 Jun 2019 10:27

حکومت ہلال احمر جیسی تنظیموں کی سرپرستی جاری رکھے گی، مسعود خان

حکومت ہلال احمر جیسی تنظیموں کی سرپرستی جاری رکھے گی، مسعود خان
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر بہادر اور جرات مند عوام کی سرزمین ہے جنہوں نے ہر قدرتی آفت کے بعد یہ ثابت کیا ہے کہ وہ مشکلات و مصائب کا سامنا کرنے کا عزم و حوصلہ اور مصیبت میں گھرے ہوئے انسانوں کی مدد کا جذبہ رکھتے ہیں۔ پاکستان ہلال احمر سوسائٹی آزادکشمیر برانچ نے 2005ء کے زلزلے اور اس کے بعد تمام چھوٹی بڑی قدرتی آفات میں نہ صرف قابل قدر خدمات انجام دیں بلکہ آزادکشمیر کے عوام کو ایمرجنسی رسپانس کے لیے تیار کرنے کے لیے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ حکومت ہلال احمر جیسی تنظیموں کی مدد اور سرپرستی جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پاکستان ہلال احمر سوسائٹی آزادکشمیر برانچ کی طرف سے ”خطرات سے تیاری تک“ منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ریڈ کریسنٹ سوسائٹی پاکستان کے چیئرمین سعید الہٰی، چیئرمین ریڈکریسنٹ سوسائٹی آزادکشمیر ڈاکٹر سردار محمود خان، پاکستان ریڈکریسنٹ سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ اور پاکستان ریڈکریسنٹ سوسائٹی نیشنل ہیڈکوراٹر کے تعاون سے آزادکشمیر کے چار اضلاع نیلم، جہلم، باغ اور سدھنوتی میں مقامی آبادی کی استعداد کار بڑھانے، قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے اور کسی بھی ایمرجنسی میں ادارہ جاتی رسپانس کے لیے اس منصوبہ کے تحت مختلف اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ صدر سردار مسعود خان نے اس اہم منصوبے کے باقاعدہ اعلان کے بعد اپنے خطاب میں آزادکشمیر میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا یہ منصوبہ شروع کرنے پر پاکستان ریڈکریسنٹ سوسائٹی اور اس کی آزادکشمیر برانچ کو مبارکباد پیش کی اور شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر پہاڑی علاقہ ہے جس کا قدرتی آفات سے گہرا تعلق ہے۔ اس لیے یہاں کی انسانی آبادی کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرنا، ان کی استعداد کار کو بڑھانا اور خطرات کو کم کرنا نہایت اہمیت کا حامل ہے، جس کے لیے حکومت ریڈکریسنٹ سوسائٹی کا بھرپور ساتھ دے گی۔

سردار مسعود نے کہا کہ عوام کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے ساتھ ساتھ متعلقہ حکومتی اداروں کی استعداد بڑھانا بھی نہایت ضروری ہے تاکہ انہیں کسی ڈیزاسٹر سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ وسائل کی کمی کے باوجود ریڈکریسنٹ سوسائٹی آزادکشمیر نے تہیہ کر رکھا ہے کہ وہ ٹارکٹ ایریا میں آبادی کے ایک بڑے حصے کو تربیت دے کر ڈیزاسٹر رسپانس کے لیے تیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایمرجنسی رسپانس کے لیے نئی جدتیں اور طریقے اختیار کیے جا رہے ہیں جن سے آگاہی حاصل کرنے اور اُن پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے خطہ کو کئی خطرات کا سامنا ہے جن میں زلزلے، سیلاب، موسمی شدت اور خشک سالی جیسے خطرات قابل ذکر ہیں۔ ہماری یہ کوشش ہونی چاہیے ان تمام خطرات کے وقوع پذیر ہونے سے روکنے کے لیے ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں اور اگر خدانخواستہ کوئی قدرتی آفت وقوع پذیر ہو جائے تو اس کے منفی اثرات سے انسانی آبادی کو بچانے کے لیے عوام الناس میں شعور، عملی تیاری اور ایمرجنسی رسپانس کے لیے حکومتی اداروں کی استعداد کار بڑھائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومتی، نیم حکومتی اور کمیونٹی تنظیموں کے درمیان رابطہ مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی کوششیں باہم مربوط ہوں۔
خبر کا کوڈ : 800658
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش